سندھ: ایران سے اسمگل ہونے والا ایک لاکھ لیٹر سے زائد ڈیزل پکڑا گیا

پیر 4 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ نے ایران سے اندرون سندھ ڈیزل کی اسمگلنگ ناکام بنا دی۔

ترجمان کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ کے مطابق اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن نے ایرانی ڈیزل کی اندرون سندھ اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی  ہے۔

ترجمان کسٹمز کا کہنا ہے کہ کسٹمز نے سندھ اور بلوچستان کے بارڈر پر کارروائی کر کے ایران سے اسمگل شدہ 5 آئل ٹینکرز ضبط کر لیے ہیں، ضبط شدہ ٹینکرز میں1لاکھ 11 ہزار 286 لیٹر ڈیزل موجود ہے۔

’ضبط شدہ ڈیزل کی مالیت 3 کروڑ 45 لاکھ سے زائد ہے، کارروائی کے دوران 12 افراد کو گرفتار کر لیا گیا،اسمگل شدہ ایرانی ڈیزل اندرون سندھ لےجایا جارہا تھا۔‘

ترجمان کسٹمز کے مطابق کارروائی کے دوران ڈیزل اسمگلنگ میں استعمال ہونے والے ٹینکرز کے ڈرائیورز اور کلینرز سمیت 12 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں بھی سندھ پولیس نے ایران سے اسمگل ہونے والا ڈیزل ضبط کیا تھا، سندھ پولیس کی جانب سے ضبط کیے گئے ایرانی ڈیزل کی مالیت پاکستانی مارکیٹ میں 96,67,040 روپے بتائی گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp