‘امریکی سفیر پاکستان میں ہر اس جگہ جارہے ہیں جہاں انہیں نہیں جانا چاہیے’

منگل 5 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں امریکا کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے سنٹرل پولیس آفس میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات کی جبکہ اس سے قبل امریکی سفیر مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز سے بھی ملاقات کرچکے ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر ملاقات کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہوئیں تو صارفین کا کہنا تھا کہ یہ اپنی نوعیت کا منفرد دورہ ہے، اس سے پہلے کسی بھی امریکی سفیر اس سطح پر ملاقاتیں نہیں کرتے تھے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے آفیشل اکاؤنٹ سے امریکی سفیر اور مریم نواز کی ملاقات کی تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا گیا کہ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی مریم نواز سے ملاقات مری میں ہوئی۔ مریم نواز نے امریکی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے تجارت، معیشت، سلامتی، امن اور علاقائی استحکام سمیت باہمی تعاون کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔

مریم نواز سے ملاقات کے بعد امریکی سفیر نے سنٹرل پولیس آفس کا بھی دورہ کیا، جس کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر صارفین نے ان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ صارف محمد عمیر نے ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ امریکی سفیر آئی جی پنجاب سے مصافحہ کر رہے ہیں۔ ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے صارف نے لکھا کہ چیف الیکشن کمیشن اور مریم نواز کے بعد ڈونلڈ بلوم کی آئی جی پنجاب سے ملاقات۔ یہ کسی بھی امریکی سفیر کا سنٹرل پولیس آفس کا پہلا دورہ ہے۔ دفتر خارجہ الیکشن کمیشن ملاقات پر پہلے ہی اعتراض کرچکا ہے۔

ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک صارف نے لکھا کہ امریکی سفیر ہر اس جگہ کا دورہ کر رہے ہیں جہاں ان کو نہیں جانا چاہیے، آخر ایسا کیوں ہے؟

ایک اور صارف نے لکھا کہ ڈونلڈ بلوم سے گزارش ہے کہ پاکستان کو اپنی 53ویں ریاست قرار دے کر سارا جھگڑا ختم کریں۔ ویسے بھی ہم ان کے غلام ہیں چلو پاسپورٹ بھی مل جائے

صارف سرمد حمید نے لکھا پاکستان ان کا ہی ملک ہے جہاں مرضی جائیں جبکہ ایک اور صارف محمد زاہد نے لکھا ان کی حکومت ہے ان کا تو حق بنتا ہے۔

واضح رہے کہ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق امریکی سفیر کے ساتھ امریکی قونصل جنرل کرسٹین ہاکنز، اکنامکس آفیسر ڈگلس جونسٹن، سکیورٹی اتاشی مائیک ڈائمنڈ، سیکیورٹی ایڈوائزر صفدر علی راؤ بھی موجود تھے۔ پنجاب پولیس نے اپنے آفیشل اکاؤنٹ سے امریکی سفیر کی تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پنجاب پولیس کی ورکنگ کے بارے بریفنگ دی اور شہدا وال سمیت سی پی او کے مختلف حصوں کا دورہ کروایا۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ملاقات میں پولیسنگ کے حوالے سے دو طرفہ امور اور جدید تربیت کے حوالے سے تعاون میں فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp