سوات: شوہر نے کمسن بیٹے کے سامنے بیوی کو سرِِ راہ قتل کردیا

منگل 5 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبر پختونخوا کے ضلع سوات میں گھریلو ناچاقی پر شوہر نے کمسن بیٹے کے سامنے بیوی کو سرِِ راہ فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ سوات کے مصروف ترین بنڑ چوک میں پیش آیا جہاں خاتون کو سر پر گولی مار کر قتل کر دیا گیا ہے۔

منگورہ پولیس کے ایس ایچ او کے مطابق میاں بیوی کے درمیان ناچاقی چل رہی تھی اور خاتون کافی عرصے سے والد کے گھر پر مقیم تھیں۔ مقتولہ نے فیملی کورٹ میں خلع کے لیے درخواست بھی دائر کر رکھی تھی۔

پولیس کے مطابق مقتولہ بچوں سمیت میکے میں رہ رہی تھی اور گھروں میں کام کاج کرکے بچوں کا پیٹ پال رہی تھی۔ آج بھی خاتون کام کے لیے جا رہی تھی کہ تاک میں بیٹھے اس کے شوہر نے اسے فائرنگ کا نشانہ بناکر ہلاک کردیا۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کے بعد ملزم فرار ہو گیا جبکہ کمسن بیٹا ماں کی لاش کے پاس روتے ہوئے مدد کے لیے پکارتا رہا۔ مقامی صحافیوں کے مطابق فوری طور پر کوئی مدد کے لیے نہیں آیا جبکہ امدادی ٹیم بھی بروقت نہیں پہنچی۔

پولیس نے بتایا ہے کہ ملزم کو چھاپہ مار کر گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ’ملزم نے اپنے ابتدائی بیان میں دن دہاڑے قتل کی اس واردات کا اعتراف کرلیا ہے جب کہ اس کی نشاندہی پر آلہ قتل یعنی پستول بھی برآمد کرلیاگیا ہے۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp