ایشیا کپ: پاکستان اور بنگلہ دیش 14 بار آمنے سامنے، نتیجہ کیا نکلا؟

بدھ 6 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایشیا کپ میں اب تک پاکستان اور بنگلہ دیش 14 بار آمنے سامنے آچکے ہیں جن میں سے صرف 2 بار بنگلہ دیش جیت سکا ہے، جبکہ 12 بار پاکستان ہی فاتح رہا ہے۔

بنگلہ دیش نے اب تک پاکستان کو 2016 اور 2018 کے ایشیا کپ میں پاکستان کو شکست دی ہے، 2016 میں 5 وکٹوں سے اور 2018 میں 37 رنز سے پاکستان کو ہرانے میں کامیاب رہا ہے۔

ایشیا کپ کے 1986 سے لے کر 2018 تک پاکستان اور بنگلہ دیش کے 14 ٹاکرے ہوئے جس میں سے پاکستان 12 بار بنگلہ دیش کو ہرانے میں کامیاب ہوا، 2022 کے ایشیا کپ میں پاکستان اور بنگلہ دیش کا میچ نہیں ہو سکا تھا۔

1986 کے ایشیا کپ میں جب پاکستان اور بنگلہ دیش کا میچ ہوا تو پاکستان نے بنگلہ دیش کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی، 1986 میں بنگلہ دیش پہلی بار ایشیا کپ کا حصہ بنا تھا۔

1988 کے ایشیا کپ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 173 رنز سے شکست دی، 1995 میں بنگلہ دیش کو پاکستان کے ہاتھوں 6 وکٹوں سے شکست ہوئی۔

1997 کے ایشیا کپ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 109 رنز سے ہرایا، 2000 کے ایشیا کپ میں پاکستان نے اب تک کے سب سے بڑے مارجن 233 رنز سے بنگلہ دیش کو شکست دی تھی۔

2004 کے ایشیا کپ میں پاکستان اوربنگلہ دیش کے درمیان 2 میچز ہوئے، ایک میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 76 رنز جبکہ دوسرے میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دی۔

2008 کے ایشیا کپ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 10 وکٹوں سے ہرا دیا تھا، اسی طرح 2010 میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 139 رنز سے شکست دی۔

2012 میں ایک مرتبہ پھر 2 میچز ہوئے، جن میں سے ایک میں بنگلہ دیش کو 21 رنز اور دوسرے میں 2 رنز سے شکست ہوئی۔

2014 کے ایشیا کپ میں پاکستان نے 3 وکٹوں سے بنگلہ دیش کو ہرایا، اس کے بعد 2016 اور 2018 میں پاکستان کو شکست ہوئی ، تاہم 2022 کے ایشیا کپ میں دونوں کے درمیان کوئی ٹاکرا نہ ہوا سکا، کیونکہ بنگلہ دیش کو افغانستان کے ہاتھوں شکست ہوئی اور پہلے ہی ٹورنامنٹ سے آؤٹ ہو چکی تھی۔

واضح رہے آج لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان اور بنگلہ دیش ایک بار پھر آمنے سامنے ہوں گے، میچ پاکستانی وقت کے مطابق دن ڈھائی بجے شروع ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp