افواج پاکستان اور عوام مل کر پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بناتے ہیں، مریم نواز کا یوم دفاع پر پیغام

بدھ 6 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ افواج پاکستان اور متحد عوام مل کر پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بناتے ہیں، 6 ستمبر 1965 ایسا تاریخی اور یاد گار دن ہے جب طاقت کے نشے میں چُور کئی گنا بڑے دشمن کو وسائل اور تعداد میں کہیں کم ایک قوم نے ناکوں چنے چبوا دیے تھے۔

یوم دفاع و شہداء کے موقع پر اپنے پیغام میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزرمریم نواز نے کہ کہا ہے 6 ستمبر 1965 کو سمندر، صحرا، فضا، فلک بوس چوٹیوں اور میدانوں میں، ہر جگہ اور ہر محاذ پر ہماری افواج نے شجاعت اور بہادری کے کارنامے دِکھا کر دشمن کو عبرت کی مثال بنا دیا تھا۔

مریم نواز نے کہا کہ افواج پاکستان اور متحد عوام مل کر پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بناتے ہیں، اس اتحاد پر ضرب لگانا، پاکستان کے دشمنوں کا اصل منصوبہ ہے جسے ہم نے مل کر ناکام بنانا ہے، دشمن کی اس رشتے میں دراڑ ڈالنے کی مذموم کوشش، حسرت نا تمام ہی رہے گی۔

’دشمن کی اس رشتے میں دراڑ ڈالنے کی مذموم کوشش حسرت نا تمام ہی رہے گی، شہداء کے تقدس اور احترام پر قوم نے کبھی سمجھوتہ کیا نہ کرے گی، قوم شہدا کی قربانیوں اور ان کے احترام کی وارث ہے، شہدا کا تقدس اور احترام ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔‘

انہوں نے کہا ہے کہ 9 مئی جیسے سیاہ واقعات دشمن کی سازش کا حصہ ہے جسے قوم برداشت نہیں کرے گی، مظبوط افواج، امن معاشی بحالی کے ضروری تقاضے ہیں۔

مریم نواز کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان عظیم قربانیاں دے رہی ہیں، عوام اور افواج پاکستان کے مظبوط رشتے میں دشمن کو دراڑ نہیں ڈالنے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو جنگ ستمبر کے قومی جذبے سے ہم کنار کریں گے اور دشمن کی منفی سوچ سے اپنے نوجوانوں کے ذہنوں کو بچائیں گے۔

نگراں وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کا یومِ دفاع پر پیغام

نگراں وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کا یومِ دفاع پر پیغام  میں کہا ہے کہ 6 ستمبرکو پاکستانی فوج نے مادر وطن کا دفاع کرتے ہوئے واضح پیغام دیا کہ پاکستان ہر قسم کی جارحیت کو شکست دینے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ دشمن نے لاہور پر قبضہ کرنے کے لیے رات کی تاریکی میں حملہ کیا،پوری دنیا نے دیکھا کہ افواج پاکستان کے جری سپوتوں نے بے مثال بہادری سے دشمن کو پسپا کیا، پاک وطن کے جوانوں نے اپنی لازوال قربانیوں سے ثابت کیا کہ قومیں جنگیں ہتھیاروں سے نہیں بلکہ ایمان اور حوصلے سے جیتتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ عالم پاک فوج کی بہادری کی لازوال داستانیں رقم کرنے کی کوئی دوسری مثال پیش کرنے سے قاصر ہے، دفاع وطن کے لیے جان نچھاور کرنے والے بہادر سپوتوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے-

نگراں وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ دفاع وطن کے لئے اپنی قیمتی جانیں نچھاور کرنے والے شہداء ہماری آن،بان اور شان ہیں، آج بھی پوری قوم شہدائے وطن اور ان کے خاندانوں سے مکمل یکجہتی کااظہار کرتی ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ یوم دفاع پر بھارتی مقبوضہ کشمیر کے نہتے بے گناہ لوگوں کی عظیم قربانیوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو اپنے حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ وطن کے دفاع کی خاطر اپنی جانوں کی قربانی سے بھی گریز نہیں کریں گے۔

سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا یوم دفاع پاکستان پر شہداء اور غازیوں کو سلام

سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا یوم دفاع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ جنگ ستمبر عوام اور فوج کے دفاع وطن کے لیے ایک جان ہوکر لڑنے کی سنہری تاریخ کی یاد گار ہے، 6 ستمبر وہی دن ہے جب پاکستان کے شیر، دلیر عوام اور افواج نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو دھول چٹا دی تھی۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی فضائیہ، بحریہ اور بری افواج نے جنگ ستمبر میں اپنی بے مثال شجاعت، بہادری اور پیشہ ورانہ لیاقت ومہارت کا لوہا منوایا، آج کے دن قوم شہداء کو خصوصی سلام عقیدت پیش کرتی ہے جنہوں نے اپنی جانیں قربان کرکے ارض پاک کی بقاء اور سلامتی کو یقینی بنایا۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ جب دشمن نے للکارا تھا تو پوری قوم ہر طرح کی تقسیم مٹا کر ایک ہو گئی تھی، آج ایک بار پھر اسی طرح پاکستان کے لیے ایک ہونے کی ضرورت ہے۔

’ جنگ ستمبر سبق ہے کہ قوم کا اتحاد، مظبوط فوج اور معاشی ترقی ہی ہماری بقاء کا راستہ ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ آج ایک بار پھر جنگ ستمبر کے جذبے، اتحاد اور عزم کی ضرورت ہے،جنگ ستمبر کے جذبے، اتحاد اور عزم سے پاکستان کے دفاع، ترقی اور معاشی خوشحالی کی منزل حاصل کی جا سکتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp