پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور ٹک ٹاک نے نوجوان نسل کو محفوظ ڈیجیٹل ماحول کی فراہمی کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور ٹک ٹاک نے جمعرات کو پی ٹی اے ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں مفاہمتی یاداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے۔
تقریب کے بعد پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے ) کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ٹک ٹاک کے اس تعاون کا مقصد پاکستان بھر کے سرکاری اسکولوں میں محفوظ ڈیجیٹل ماحول کو فروغ دینا ہے۔
پروگرام میں اساتذہ، والدین اور طلبا کے لیے جامع تربیتی پروگرام اور رہنما خطوط شامل ہیں جس میں ورکشاپس، سیمینارز، ویبینار، آگاہی ویڈیوز وغیرہ کے ذریعے سوشل میڈیا کے محفوظ اور صحیح استعمال پر روشنی ڈالی جائے گی اور اس سے منسوب نقصانات سے بچاؤ کے طریقہ کار کے بارے میں بتایا جائے گا۔
تقریب میں چیئرمین پی ٹی اے، میجر جنرل (ریٹائرڈ) حفیظ الرحمن، ڈائریکٹر جنرل (ویب انالیسز ڈیپارٹمنٹ) اور ڈائریکٹر جنرل (سٹریٹیجی اینڈ ڈویلپمنٹ) کے ساتھ ساتھ وزارت آئی ٹی و ٹیلی کام کے نمائندے بھی موجود تھے۔
تقریب میں ٹک ٹاک کے پاکستان کے لیے پبلک پالیسی اینڈ گورنمنٹ ریلیشنز کے سربراہ فہد خان نیازی کے علاوہ ٹک ٹاک کے لیے پبلک پالیسی پروگرامز ساؤتھ ایشیا کی سربراہ زارا بشارت ہِگز بھی موجود تھیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی (پی ٹی اے) نے کہا کہ پی ٹی اے ڈیجیٹل تحفظ کے حوالے سے پر عزم ہے۔ ٹک ٹاک کے ساتھ یہ شراکت ایک اہم سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعے محفوظ آن لائن ماحول کی جانب اہم قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ تعاون محفوظ ڈیجیٹل ماحول کی فراہمی کے لیے دونوں اداروں کے وژن کی عکاسی کرتا ہے جہاں تحفظ سب کے لیے اہم ہے۔واضح رہے کہ یہ اقدام مقامی سطح پر ڈیجیٹل ماحول کے فروغ کے ضمن میں دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے لیے بھی ایک اہم پیش رفت ہے۔