پختونخوا: 4 ماہ کے دوران اربوں روپے مالیت کی اسمگلنگ ناکام بنا دی گئی

جمعرات 7 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کسٹم حکام نے خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں گزشتہ 4 ماہ میں کارروائیوں کے دوران بڑے پیمانے پر اسمگلنگ کی کوششیں ناکام بنا کر دو ارب 75کروڑ روپے سے زائد مالیت کی اشیاء پکڑ لیں۔

کسٹمز کلکٹر ڈاکٹر کرم الٰہی نے کسٹمز کاروائیوں کے حوالے سے بتایا کہ اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں جب کہ نامساعد حالات اور جنوبی اضلاع میں ابتر سیکیورٹی صورت حال میں بھی اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

پکڑی گئی نان کسٹم گاڑیوں کی مالیت

ڈاکٹر کرم الٰہی کے مطابق گزشتہ 4 ماہ کے دوران جنوبی اضلاع 41 نان کسٹم پیڈ گاڑیاں پکڑی گئیں جن میں موٹر کار، ہیوی بائیکس اور دیگر شامل ہیں جبکہ پکڑی گئی نان کسٹم گاڑیوں کی مالیت 13کروڑ چالیس لاکھ روپے بنتی ہے۔

انہوں بتایا کہ اس کے علاوہ اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی گاڑیاں بھی تحول میں لی گئی ہیں جن کی مالیت 80 کروڑ 40 لاکھ سے زائد بنتی ہے۔

فائل فوٹو

ایرانی تیل برآمد

کسٹم کلکٹریٹ ڈاکٹر کرم الٰہی کا کہنا تھا کہ مختلف مقامات پر ناکہ بندی کرکے چیکنگ کے دوران 25 ہزار 511 امریکی ڈالرز اور 4 لاکھ 44 ہزار لیٹر اسمگل شدہ ایرانی تیل برآمد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 4 ماہ کے دوران ایک کروڑ 67 ہزار ڈنڈا سگریٹ (غیرملکی برانڈ) جن کی مالیت 19کروڑ82لاکھ روپے بنتی ہے برآمد کی ہے۔اس کے علاوہ 14 کروڑ 74 لاکھ کی اسمگل شدہ اشیاءجن میں کپڑا، ٹائرز، چائے، برقی آلات، ادویات ،خشک دودھ ، موبائل فونز شامل ہیں ،بھی کسٹم حکام نے برآمد کی ہیں۔

گزشتہ سال کے مقابلے میں بہتر کار کردگی

ڈاکٹر کرم الٰہی کے مطابق  گزشتہ 4 ماہ کے دوران پکڑی گئیں اشیا کی مالیت گزشتہ سال کی نسبت زیادہ ہے۔ حکام کے مطابق گزشتہ سال ان ہی 4 مہینوں کے دوران صوبے کے جنوبی اضلاع میں مجموعی طور پر صرف41 کروڑ 74 لاکھ روپے مالیت کاسامان پکڑا گیا تھا۔

ڈاکٹر کرم الٰہی نے کہا کہ اسمگلروں کے منظم گروہ کے خلاف کارروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں۔ جبکہ بیشتر اسمگلروں کا تعلق خیبرپختونخوا، بلوچستان اور افغانستان سے ہے۔ ان کے مطابق بتایا کہ کاروائیوں میں تیزی آنے کے بعد اسمگلنگ میں کافی حد تک کم آئی ہے۔ نیز یہ کہ جنوبی اضلاع جن میں بنوں،ڈیرہ اسماعیل خان، کرک، لکی مروت، ٹانک، اورکوہاٹ شامل ہیں میں مزید کارروائیاں تیز کی ہیں۔

پکڑے گئے سامان کی نیلامی ہوگی

ڈاکٹر کرم الٰہی نے وضاحت کی ہے کہ کسٹم ایکٹ کے مطابق اسمگلروں سے پکڑے گئے سامان کی نیلامی ہوگی جن کے لیے شفاف طریقہ کار اپنایا جائے گا۔ کسٹم حکام کے مطابق خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں بڑے پیمانے پر افغانستان اور بلوچستان کے چمن سے نان کسٹم پیڈگاڑیوں کو ملاکنڈ ڈویژن لے جایا جاتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp