’برکس تنظیم‘ میں شمولیت کے لیے کوشاں پاکستان اراکین کے فیصلے کا منتظر

جمعہ 8 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کا کہنا ہے کہ پاکستان نے برکس میں شمولیت پر کوششیں شروع کر دی ہیں تاہم اس کے رکن ممالک نے تنظیم کو وسعت دینے کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔

 

 

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کا سینیٹر فاروق ایچ نائیک کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس کے دوران نگراں وزیر خارجہ نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ چین اور  روس چاہتے ہیں کہ دیگر ممالک کو بھی برکس کی رکنیت دی جائے تاہم برکس تنظیم کو وسعت دینی ہے یا نہیں ابھی ممبر ممالک نے فیصلہ نہیں کیا۔

 

نگراں وزیرخارجہ نے کہا کہ برکس کے ممبران کے پاس ویٹو کے اختیارات ہیں اور اگر ایک ملک بھی کسی پر اعتراض کردے تو پھر اس ملک کو رکنیت نہیں دی جاتی۔

’امریکا اور چین سے یکساں تعلقات چاہتے ہیں‘

جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ ’ہمارے لیے امریکا نہایت اہمیت کا حامل ہے کیوں کہ ہم جس خطے میں ہیں وہاں ہمارے لیے بے شمار چیلنجز موجود ہیں‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا ملک امریکا اور چین کے ساتھ یکساں تعلقات چاہتا ہے۔

 

انہوں نے بتایا کہ وہ بڑھتی دہشت گردی پر افغان عبوری حکومت کے ساتھ رابطے میں ہیں جبکہ کابل میں پاکستانی سفیر نے بھی یہ معاملہ افغان عبوری حکومت کے ساتھ اٹھایا ہے اور توقع ہے کہ جلد ہی اس حوالے سے افغان حکومت کا بیان آجائے گا۔

افغانستان میں چھوڑا گیا امریکی اسلحہ دہشتگردوں کے ہاتھ لگ گیا، ترجمان دفتر خارجہ

پاکستان نے کہا ہے کہ افغانستان میں چھوڑا جانے والا اسلحہ وہاں دہشت گرد گروہوں کے ہاتھ چڑھ گیا ہے تاہم ہم کسی کو مورد الزام نہیں ٹہراتے لیکن یہ معاملہ عالمی توجہ کا متقاضی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے بتایا ہے کہ افغان سرزمین سے 6 ستمبر کو پاکستان میں دہشت گرد حملوں کا معاملہ افغان عبوری حکام کے روبرو اٹھایا گیا ہے اور ان سے کہا گیا ہے کہ وہ ایسے حملے روکیں۔

’کشمیری تنظیموں نے جی 20 ممالک کو بھارتی جارحیت سے آگاہ کیا ہے‘

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں نے جی 20 ممالک کو خط لکھ کر انسانی حقوق خلاف ورزیوں اور مقبوضہ کشمیر میں آزادی اظہار رائے پر پابندیوں سے آگاہ کیا ہے۔

ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کل نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی 12 سے 15 ستمبر لندن میں دولت مشترکہ یوتھ وزراتی کانفرنس کی صدارت کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp