بارش کی خبر سن کر کھلاڑیوں کو کتنی مایوسی ہوتی ہے؟

جمعہ 8 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر اور مایہ ناز بیٹر محمد رضوان نے کہا ہے کہ موسم کی خرابی یا بارش انسان کے اپنے بس میں تو نہیں ہوتی تاہم میچ کے لیے اچھی تیاری، محنت اور بھرپور منصوبہ بندی کے ساتھ میدان میں اتریں اور بارش ہو جائے تو مایوسی ہوتی ہے۔

بھارت کے خلاف اتوار کو ایشیا کپ کے سپر 4 مرحلے کے میچ سے قبل ایک انٹرویو میں محمد رضوان نے کہا کہ کوئی بھی ٹیم یا کھلاڑی میدان میں جب اترتا ہے تو وہ اپنے ملک کے لیے لڑ رہا ہوتا ہے لیکن میدان سے باہر چیزیں اس سے مختلف ہوتی ہیں، میدان سے باہر ہم دُنیا کے دیگر کھلاڑیوں سے ملتے ہیں، بات کرتے ہیں اور اپنی اپنی کامیابیوں کو ایک دوسرے کے ساتھ بانٹتے ہیں۔

میدان سے باہر کھلاڑیوں کا ایک دوسرے ملنا اچھا شگون ہے، محمد رضوان

ایک سوال کے جواب میں محمد رضوان نے کہا کہ میدان سے باہر ہم ویرات کوہلی سے ہی نہیں دُنیا کے سبھی کھلاڑیوں سے ملتے ہیں اور ایک دوسرے کے ساتھ تجربات اور کامیابیاں شیئر کرتے ہیں اور یہ صرف ہمارے لیے نہیں بلکہ پوری دُنیا کے کھلاڑیوں کے لیے ایک اچھا شگون ہے۔

منیجمنٹ نے جس نمبر پر کہے، کھیلنے کے لیے تیار ہوں

محمد رضوان سے پوچھا گیا کہ اوپنر بیٹر فخر زمان کو نئی گیند کے ساتھ کھیلنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں تو کیا وہ ان کی جگہ ورلڈ کپ میں بطور اوپنر کھیلیں گے؟، تو محمد رضوان کا کہنا تھا کہ فخر زمان کی کارکردگی بہتر ہے اگر وہ مختلف طریقوں سے آؤٹ ہو رہے ہیں تو اس کا مطلب ہے ان کے کھیلنے میں کوئی مسئلہ نہیں، ایک 2 اننگز میں آؤٹ ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ وہ بہتر کھیل نہیں پا رہے، ہمیں اللہ سے اُمید ہے کہ ہمیں اوپنر تبدیل کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

محمد رضوان نے کہا کہ اگر پھر بھی کوئی مسئلہ ہوا تو انہیں منیجمنٹ نے جس جگہ کھیلنے کے لیے کہا وہ اسی پوزیشن پر کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں محمد رضوان نے کہا کہ جس طرح پاکستان کے عوام چاہتے ہیں کہ ہم بھارت کو میچ میں ہرائیں اسی طرح بھارت کے عوام بھی چاہتے ہیں کہ ان کی ٹیم پاکستان کو ہرائے، یہ تو ہر ایک کی اپنے ملک سے محبت کا اظہار ہے۔

بھارت کو ہرانے کی منصوبہ بندی کر رکھی ہے، محمد رضوان

انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم کا عزم یہی ہوتا ہے کہ ہم جتنی محنت کر کے میدان میں اترے ہیں اس میں ہر حال میں کامیابی حاصل کریں۔ آج سے کچھ عرصہ پہلے ہم نے عالمی نمبر ون بننے کی منصوبہ بندی کی اور الخمد اللہ! آج پاکستان کی ٹیم عالمی نمبر ون ہے، اسی طرح اگر بھارت کو ہرانا ہے تو اس کے لیے بھی ہم نے منصوبہ بندی کر رکھی ہے، ہم اپنی پوری محنت کریں گے۔

ہمارے فاسٹ باؤلر اللہ کی بڑی نعمت ہیں

سلمان علی آغا کی جگہ سعود شکیل کو مِڈل آرڈر میں کھیلانے سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں محمد رضوان نے کہا کہ اس کا جواب ہماری ٹیم کے کوچ یا کپتان دے سکتے ہیں، تاہم جہاں تک ہمارے باؤلنگ اٹیک میں 3 فاست باؤلر کا تعلق ہے تو وہ ہمارے پاس اللہ کی بڑی نعمت ہیں، انہیں کھیلنا نا صرف بھارت بلکہ پوری دُنیا کے بیٹرز کے لیے مشکل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عالمی نمبر ون بننے میں ہمارے فاسٹ باؤلر کا بھی انتہائی اہم کردار ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت کے باؤلرز کو کھیلنا مشکل ہے یا آسان یہ پچ کی کنڈیشن پر ہے، بھارت کی ٹیم بھی عالمی نمبر ون رہ چکی ہے، ان کے باؤلر کو کھیلنا بھی ہمارے لیے مشکل ہو سکتا ہے۔

جاوید میانداد کے ریمارکس میرے لیے بڑا اعزاز ہیں، محمد رضوان

ایک اور سوال کے جواب میں محمد رضوان نے کہا کہ جاوید میانداد ہمارے لیجنڈ ہیں ان کے میرے متعلق ریمارکس میرے لیے انتہائی حوصلہ مند اور بڑا اعزاز ہیں، مجھے ان کے ریمارکس سے بہت حوصلہ ملا ۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp