پاک بحریہ اوررائل سعودی نیول فورسز کی مشترکہ مشقیں ’نسیم البحر14‘ اور ’دیرا الساحل‘ الجبیل میں شروع ہوگئیں۔
پاک بحریہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ان مشقوں کا مقصد دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنا اور دونوں بحری افواج اور اسپیشل آپریشنز فورسز کے درمیان باہمی ربط اور تعاون کو بڑھانا ہے۔
ان بحری مشقوں میں روایتی اور غیر روایتی جنگی شعبوں کا احاطہ کیا جائیگا۔ پاک بحریہ کے قافلہ میں جنگی جہاز سیف، ہمت، دہشت اورمحافظ شامل ہیں، جو ان مشقوں میں شرکت کے لیے سعودی عرب کے ساحل الجبیل پہنچ گئے ہیں۔

پاک بحریہ کا پُرتپاک استقبال
رائل سعودی نیول فورسز اور پاکستان کے سفارت کاروں نے الجبیل آمد پر پاک بحریہ کے قافلے کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔ ان مشقوں میں بحری جنگی جہازوں، خصوصی آپریشنز فورسز اوردونوں بحریہ کے میرینز کے علاوہ رائل سعودی ائیرفورس کے ہیلی کاپٹرز اور جہاز بھی حصہ لے رہے ہیں۔
ہاربرکے مرحلہ میں فریقین نے پیشہ وارانہ امورپرتبادلہ خیال کیا اورمشقوں کی منصوبہ بندی کو حتمی شکل دی۔ ہاربرکے مرحلہ میں تدبیراتی طریقہ ہائے کارپرورکشاپس، مصنوعی تربیت، ایکسچینج وزٹس اوررابطہ کاری کی ملاقاتیں شامل تھیں۔

’نسیم البحر‘
بحری مشقیں ’نسیم البحر‘ گزشتہ 3 دہائیوں سے ہر 2 سال بعد باقاعدگی سے منعقد ہوتی ہیں۔ یہ مشقیں پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان تذویراتی تعلقات، دونوں ممالک کی بحریہ کے درمیان باہمی تعاون میں اضافہ کے عزم اورمیری ٹایم چینلجز سے مشترکہ طور پر نمٹنے کی عکاسی کرتے ہیں۔