بغیر اے سی اور بجلی کی بچت سے گھروں کو کیسے ٹھنڈا رکھا جا سکتا ہے؟

پیر 11 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

دنیا بھر میں موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان میں بھی گرمی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے، بڑے شہروں کے ہر گھر میں اور دفاتر کے ہر کمرے میں ایئر کنڈیشنڈ اے سی نصب کیے جا چکے ہیں جو کہ ہر وقت چلتے رہتے ہیں، بجلی کی قیمت میں حالیہ اضافے کے باعث متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والوں کا ہر وقت تو دور کی بات ہے کچھ وقت کے لیے بھی اے سی لگانا مشکل ہو گیا ہے، لوگوں نے گھروں، دفاتر اور کاروباری مراکز کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے اے سی متبادل سسٹم لگانے پر غور شروع کر دیا ہے۔

وی نیوز نے جڑواں شہروں میں اے سی کے مقابلے میں کامیاب کولنگ سسٹم کے حوالے سے تحقیق کی تو معلوم ہوا کہ ایواپورٹو ایئر کولر سسٹم گھروں میں بہت کامیاب ہے، یہ کولر عمومی طور پر چھت پر نصب کیا جاتا ہے اور ایک ڈکٹ کے ذریعے کولر کی ہوا 3 سے 4 کمروں میں پہنچائی جاتی ہے جس سے تمام کمرے ٹھنڈے رہتے ہیں، 10 مرلے کے گھر پر ڈکٹ کا خرچ 2 لاکھ جبکہ کنال کے گھر پر خرچ 3.75 لاکھ تک آتا ہے، ایواپورٹو کولر کی قیمت ایک لاکھ سے 1.8 لاکھ تک ہے اور یہ بجلی بھی اے سی کی نسبت 70 فیصد کم استعمال کرتا ہے۔

ایواپورٹو ایئر کولر سسٹم 30 سال تک کام کرتا ہے، محمد سرفراز

راولپنڈی اور اسلام آباد میں گزشتہ 10 سالوں سے ہزاروں گھروں میں ایواپورٹو ایئر کولر نصب کرنے والے محمد سرفراز نے وی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایواپورٹو ایئر کولر سسٹم دنیا میں مقبول ہے، یہ چین کا بنایا ہوا کولر ہے جو کہ 30 سال تک باآسانی کام کرتا ہے، یہ عام اے سی کی نسبت 70 فیصد کم بجلی استعمال کرتا ہے، ایواپورٹو ایئر کولر 10 ٹن کے برابر کولنگ کرتا ہے اور صرف ایک ٹن کے برابر بجلی استعمال کرتا ہے۔

محمد سرفراز نے بتایا کہ ایواپورٹو کولر 800 سے 1500 واٹ تک کا ہوتا ہے جو کہ 4 گھنٹے چلنے پر ایک یونٹ بجلی استعمال کرتا ہے، جبکہ گھروں میں استعمال ہونے والا اے سی 2800 واٹ کا ہوتا ہے، 1.5 ٹن کا اے سی جو کہ صرف ایک کمرے میں لگا ہوتا ہے وہ ایک گھنٹے میں 1.5 یونٹ بجلی استعمال کرتا ہے۔

ایواپورٹو ایئر کولر سسٹم لگوانے کے لیے کتنا خرچ آتا ہے؟

محمد سرفراز نے بتایا کہ ایواپورٹو ایئر کولر 1100 واٹ والے کی قیمت ڈیڑھ لاکھ ہے جبکہ 1500 واٹ والے کی قیمت ایک لاکھ 75 ہزار ہے، اس کے علاوہ اس سسٹم کو نصب کرنے کے لیے لوہے کی چادر کی ڈکٹ تیار کی جاتی ہے جس کی قیمت 350 روپے فی کلو ہے، 10 مرلے کے گھر کی ڈکٹنگ پر جس سے ٹی وی لاؤنج، 3 کمروں اور کچن میں کولنگ کی جا سکے اس پر 2 لاکھ تک خرچ آتا ہے جبکہ ایک کنال کے گھر کے ایک پورشن میں ڈکٹنگ پر ساڑھے 3 لاکھ روپے تک کا خرچ آتا ہے۔

محمد سرفراز نے بتایا کہ رفاہ یونیورسٹی میں گزشتہ 13 سالوں سے یہ سسٹم نصب کیا گیا ہے جو کہ اب تک صحیح چل رہا ہے، اس پر کوئی اضافی خرچ یا گیس وغیرہ کا خرچ نہیں آتا، تاہم سال کے بعد ایک مرتبہ صفائی ضروری ہوتی ہے۔

ایواپورٹو ایئرکولنگ سسٹم پورے گھر کو ٹھنڈا رکھتا ہے، شہری راشد زوراج

اپنے گھر میں ایواپورٹو ایئر کولر لگوانے والے راشد زوراج نے وی نیوز کو بتایا کہ انہوں نے 2015 میں ایواپورٹو ایئر کولنگ سسٹم لگوایا تھا، اس سسٹم کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ اس سے کچن اور ٹی وی لائونج سمیت مکمل گھر ٹھنڈا رہتا ہے، جبکہ اے سی کے برعکس اس کے لیے دروازے اور کھڑکیاں بند کرنے کی بھی ضرورت نہیں ہوتی۔

راشد زوراج نے بتایا کہ بجلی بلوں میں اضافے کے باعث اے سی کو ہر تھوڑی دیر کے بعد بند کرنا ہوتا ہے، جبکہ ایک ہی کمرے میں اے سی لگا کر بیٹھنا ہوتا ہے، اور کمرے سے باہر جاتے ہی یا پھر کچن میں جاتے ہوئے شدید گرمی محسوس ہوتی ہے تاہم اس ایواپورٹو ایئر کولر سسٹم سے گھر کے تمام کمرے، ٹی وی لاؤنج اور کچن میں ایک جیسا ٹیمپریچر ہوتا ہے، کھڑکی اور دروازے کھلے رہنے کے باعث تازہ ہوا کا لطف بھی آتا ہے۔

اس کولر سسٹم کی وجہ سے بجلی کا بل کم آتا ہے

راشد زوراج نے بتایا کہ ایواپورٹو ایئر کولر سسٹم کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ میرے گھر میں یہ کولر 24 گھنٹے چلتا ہے، کولر کا چھت پر لگی پانی والی ٹینکی کے ساتھ کنکشن ہے اور جب بھی پانی کی ضرورت ہو کولر پانی خود سے کھینچ لیتا ہے، اس سے ہر وقت میرے گھر کا ٹمپریچر کم رہتا ہے، جبکہ مہینے کے آخر میں بجلی کے بل میں بھی بچت ہوتی نظر آتی ہے، میرے حلقہ احباب میں میرے گھر کا بجلی کا بل سب سے کم آتا ہے۔

راشد زوراج نے کہا کہ جب سے ایواپورٹو ایئر کولر سسٹم لگوایا ہے اس پر کوئی اضافی خرچ نہیں کیا، اس کولر کی کبھی کوئی مشین یا موٹر تک خراب نہیں ہوئی ہے۔ ویسے تو کمپنی والے بھی موسم گرما کے آغاز میں گھر آ کر کولر کی صفائی کر دیتے ہیں لیکن یہ صفائی اتنی آسان ہے کہ میں خود ہی کر لیتا ہوں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp