ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کے لیے پاکستان نے امدادی سامان کی ایک اور کھیپ بھیج دی ، اکیس این ایل سی ٹرالرز پر مشتمل امدادی سامان پاک ایران کے سرحدی شہر تفتان سے کسٹم کلیئرنس کے بعد ایف آئی اے ٹرانزٹ گیٹ سے براستہ ایران روانہ کر دیا گیا۔
نمائندہ وی نیوز کے مطابق زلزلے سے متاثرہ برادر اسلامی ملک ترکیہ اور شام کے لیے امدادی سامان کے پہلے قافلے کو تفتان پرانچارج نیشل لاجسٹک سیل بارڈر ٹرمینل نے وصول کیا اور اس کی کلیرنس کے بعد ایران کے راستے ترکیہ اور شام روانہ کر دیا ہے 250 ٹن پر مشتمل امدادی سامان میں زلزلہ متاثرین کے لیے خمیے ، کمبل اور دوسری ضروری چیزیں شامل ہیں۔
اکیس این ایل سی ٹرالرز پر مشتمل امدادی سامان اسلام آباد راولپنڈی اور لاہور سے پانچ دن میں براستہ کوئٹہ تفتان پہنچا ہے۔امدادی سامان سات روز میں ایران کے راستے ترکیہ اور شام پہنچے گا۔
زمینی راستے سے ترکیہ اور شام بھجوائی جانے والی امداد کی یہ پہلی کھیپ 250ٹن پر مشتمل ہے وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف کی ہدایت پر ملک کے مختلف شہروں میں امداد اکٹھی کی جا رہی ہے۔ جسے آنے والے دنوں میں این ڈی ایم اے کی طرف این ایل سی کے ٹرالرز پر تفتان کے راستے سے زلزلہ متاثرین کے لیے بھجوایا جائے گا ۔