گزشتہ روز کراچی میں ٹال ٹیکس مانگنے پر تلخ کلامی کے بعد لکی ٹال پلازہ کے کیشیئر کو گولیاں مار کر زخمی کرنے والا کار سوار بلوچستان فرار ہوگیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزم حاجی حمید ماندرہ کی تلاش جاری ہے تاہم ابتدائی تفیش کے دوران پتا چلا ہے کہ ملزم اہل خانہ سمیت بلوچستان فرارہوگیا ہے۔
حکام نے بتایا کہ کراچی کے علاقے بہادرآباد میں واقع ملزم کے اپارٹمینٹ پر تالا لگا ہوا پایا گیا جبکہ واردات میں استعمال ہونے والی کار اس وقت بلوچستان کے علاقے وندر میں موجود ہے۔ یہ کار کراچی سے ہی خریدی گئی تھی تاہم ملزم نے تاحال اسے اپنے نام ٹرانسفر نہیں کروایا ہے۔ ملزم مچھلیوں کا کاروبار کرتا ہے۔
مذکورہ واقعے کا اقدام قتل کے تحت مقدمہ حاجی حمید کےخلاف موچکو تھانے میں درج ہوا ہے جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو بلوچستان سے گرفتار کرنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔