آصفہ بھٹو کی ٹک ٹاک پر انٹری: ’عمران خان کو ٹِک ٹاکر کہنے والے اب ٹِک ٹاک جوائن کر رہے ہیں‘

منگل 12 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں سیاسی جماعتوں اور سیاسی رہنماؤں کی جانب سے سوشل میڈیا کے استعمال میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

پاکستان کے سابق صدر، شریک چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی آصف علی زرداری کی بیٹی اور چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی بہن آصفہ بھٹو زرداری نے بھی ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم ٹِک ٹاک پر اپنا اکاؤنٹ بنا لیا۔

انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اس حوالے سے ایک پوسٹ شیئر کی اور اپنے فالوورز کو ٹک ٹاک اکاؤنٹ فالو کرنے کا کہا اور ساتھ ہی لکھا کہ ’بالآخر میں نے ٹک ٹاک جوائن کرلیا‘۔

آصفہ بھٹو نے نئے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر 20سیکنڈ کی ایک ویڈیو بھی شیئر کی ہے جس کے کیپشن میں انہوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کا ایک قول لکھا ’سیاست کی جنت عوام کے قدموں تلے ہے‘۔

مختصر دورانیے کی ویڈیو میں آصفہ بھٹو اور بلاول بھٹو زرداری کی عوامی رابطہ مہم کے چند شاٹس لگائے گئے ہیں جس کے آغاز میں لکھا ہوا ہے کہ ’ترقی و خوشحالی کا پیغام لیے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ شاملِ کاروان ہیں بی بی آصفہ بھٹو زرداری‘۔

آصفہ بھٹو کا ٹک ٹاک اکاؤنٹ بننے کے بعد ایک جانب جہاں ملک میں آئندہ انتخابی مہم میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی اہمیت پر بات ہو رہی ہے وہیں صارفین کی جانب سے ان کا موازنہ شہید بے نظیر بھٹو سے بھی کیا جا رہا ہے۔

ایک صارف نے آصفہ بھٹو کا موازنہ شہید بے نظیر بھٹو سے کرتے ہوئے لکھا کہ ’بی بی کی تصویر آصفہ بھٹو بے نظیر‘۔

ارمان نامی صارف نے آصفہ بھٹو کی ٹِک ٹاک انٹری پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کو ٹک ٹاکر کہنے والے اب خود ٹِک ٹاک جوائن کر رہے ہیں لیکن تمام لوگ مل کر بھی عمران خان جتنے فالورز اکھٹے نہیں کر سکیں گے۔

جہاں ایک طرف آصفہ بھٹو کو عمران خان کے مقابلے میں ٹِک ٹاک پر انٹری کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے وہیں ایک صارف کا ان کے دفاع میں کہنا تھا کہ ہماری لیڈر شپ اب سوشل میڈیا کے تمام فورمز کو استعمال کر رہی ہے جو خوش آئند ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کیونکہ موجودہ دور میں سوشل میڈیا کی بہت زیادہ اہمیت ہےاور وہ صرف ’ایکس‘ (سابق ٹوئٹر) تک محدود نہیں بلکہ اصل مقابلہ تو فیس بک اور ٹِک ٹاک پر ہو گا۔

سارہ نے آصفہ بھٹو کی توجہ ملک کی بگڑتی ہوئی معیشت اور عوام کی حالتِ زار کی طرف دلاتے ہوئے کہا کہ معیشت کو تیزی سے ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔ ہم ہندوستان سے 30 سال جبکہ باقی دنیا سے 50 سال پیچھے ہیں۔

واضح رہے کہ سوشل میڈیا ویڈیو شیئرنگ ایپ پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے فالوورز کی تعداد 7.8 ملین تک جا پہنچی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp