ایشیا کپ سپر 4 مرحلہ میں سری لنکا اور بھارت کے درمیان میچ میں انڈین بیٹنگ تشویشناک حد تک غیر متاثر کن رہی۔
انڈین بیٹرز یکے بعد دیگرے اپنی وکٹیں یوں گنواتے چلے گئے گویا وہ کسی ٹورنامنٹ کا میچ نہیں کھیل رہے بلکہ نیٹ پریکٹس کر رہے ہیں۔
انڈین بیٹنگ نے یہ رویہ ایک ایسے وقت میں اپنایا جب آج کے میچ میں سری لنکا کی کامیابی کی صورت میں پاکستان کے لیے ایشیا کپ 2023 کے فائنل میں پہنچنے کے امکانات تقریبا ختم ہو جائیں گے۔ کرکٹ مبصرین کے مطابق اگر گرین شرٹس کل ہونے والا میچ سری لنکا کے خلاف میچ بڑے مارجن سے نہ جیتے تو فائنل مقابلہ انڈیا اور سری لنکا کے درمیان ہو گا۔
بھارت کی جانب سے غیر متاثر کن بلے بازی کا مظاہرہ کیا گیا تو کرکٹ شائقین نے بھی سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر بھارتی کھلاڑیوں کو خوب آڑے ہاتھوں لیا۔
کسی نے تبصرہ کیا کہ اگر انڈیا نے ایشیا کپ جیتنا ہے تو آج ان کو ہارنا پڑے گا کیونکہ اگر پاکستان سے سامنا ہوگیا تو بہت مشکل ہوجائے گی جبکہ کسی کا ماننا تھا کہ بھارتی کھلاڑی آج صرف کھیلنے کی ایکٹنگ کر رہے ہیں جس کے لیے ان کو آسکر کے لیے نامزد کرنا چاہیے۔
خدیجہ عباس نے فیس بک پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کیا صرف ہمارے خلاف ہی پرفارم کرنا تھا۔
بھارت کی جانب سے مایوس کن آغاز پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک صارف نے لکھا ایسی شاندار ایکٹنگ کرنے پر انڈین ٹیم کو آسکر دینے کا اعلان ۔
ایسی شاندار ایکٹنگ کرنے پر انڈین ٹیم کو آسکر دینے کا اعلان #INDvsSL
— Maria Anjum (@MariaAnjum11) September 12, 2023
بھارتی بلے بازی پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک صارف نے طنزیہ انداز میں لکھا واہ کیا بیٹنگ کر رہے ہیں۔ جبکہ ایک اور صارف ویرات کوہلی کی خراب کارگردگی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا بیسٹ ایکٹر ایوارڈ کوہلی کو ملنا چاہیے۔
The best actor award goes to Virat Kohli…#INDvsSL pic.twitter.com/saUYg5RrAx
— Hamxa 🏏🇵🇰 (@hamxashahbax21) September 12, 2023
واضح رہے کہ بھارت سے شکست کے بعد پاکستان کو فائنل میں رسائی کے لیے نہ صرف مخالف ٹیم کو شکست دینا ہوگی بلکہ یہ امید بھی باندھنا ہوگی کہ سپر 4 مرحلے کے میچز بارش کی زد میں نہ آئیں۔
اس وقت سری لنکا 2 پوائنٹس اور بہتر رن ریٹ کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر براجمان ہے۔ پاکستان کے بھی 2 پوائنٹس ہیں تاہم انڈین ٹیم سے بڑے مارجن سے شکست نے مین ان گرین کا نیٹ رن ریٹ منفی 1.8 کر دیا ہے۔