قیمتوں میں اضافے سے پیٹرول کی امپورٹ اور فروخت پر کیا اثر پڑا؟

بدھ 13 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پیٹرولیم مصنوعات میں دن بدن ہوشربا اضافہ ہوتا جا رہا ہے، مسلم لیگ ن کی حکومت نے اپنی مدت ختم ہونے کے آخری دنوں میں یکم اگست کو 20 روپے فی لیٹر پیٹرول بڑھایا، نگراں حکومت نے 30 دنوں سے کم وقت میں پیٹرول کی قیمت میں 32 روپے سے زائد کا اضافہ کیا اس طرح پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پیٹرول کی قیمت 300 روپے فی لیٹر کراس کرگئی۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد سمجھا جا رہا تھا کہ پیٹرول کی فروخت میں کمی آجائے گی تاہم آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ماہ اگست میں پیٹرولیم مصنوعات کی امپورٹ میں کمی ہوئی ہے، جس کے باعث پیٹرول کی فروخت میں اضافہ اور ڈیزل کی فروخت میں کمی واقع ہوئی۔

آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود پیٹرول کی فروخت میں معمولی اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی فروخت میں کمی ہوئی ہے۔

جون 2023 میں ملک بھر میں 65 کروڑ 18 لاکھ لیٹر پیٹرول فروخت کیا گیا تھا جبکہ جولائی میں 65 کروڑ 25 لاکھ لیٹر پیٹرول فروخت ہوا ہے، اس طرح پیٹرول کی فروخت میں 0.2 فیصد اضافہ ہوا ہے، جبکہ جون 2023 میں ملک بھر میں 48 کروڑ 24 لاکھ لیٹر ڈیزل فروخت کیا گیا تھا۔ جولائی میں 45 کروڑ 7 لاکھ لیٹر پیٹرول فروخت ہوا ہے، اس طرح پیٹرول کی فروخت میں 7 فیصد کمی ہوئی ہے۔

پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے باعث پیٹرول کی امپورٹ میں کمی ہوئی ہے، گزشتہ ماہ اگست میں 45 کروڑ 71 لاکھ لیٹر پیٹرول امپورٹ کیا گیا، جبکہ گزشتہ سال اگست میں 41 کروڑ 37 لاکھ لیٹر پیٹرول امپورٹ کیا گیا تھا اور جون 2023 میں 49 کروڑ 22 لاکھ لیٹر پیٹرول امپورٹ کیا گیا، اس طرح پیٹرول کی امپورٹ میں گزشتہ سال اگست کی نسبت 10 فیصد تک اضافہ ہوا ہے، جبکہ رواں سال جون کی نسبت 7 فیصد کمی ہوئی ہے۔

آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ماہ اگست میں 10 کروڑ 98 لاکھ لیٹر ڈیزل امپورٹ کیا گیا، جبکہ گزشتہ سال اگست میں 21 کروڑ 15 لاکھ لیٹر ڈیزل امپورٹ کیا گیا تھا اور جون 2023 میں 12 کروڑ 32 لاکھ لیٹر ڈیزل امپورٹ کیا گیا، اس طرح ڈیزل کی امپورٹ میں گزشتہ سال اگست کی نسبت 52 فیصد تک کمی ہوئی ہے، جبکہ رواں سال جون کی نسبت 11 فیصد کمی ہوئی ہے۔

ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث خام تیل کی امپورٹ پر 7 فیصد تک کمی ہوئی ہے، گزشتہ ماہ اگست میں 68 کروڑ 89 لاکھ لیٹر خام تیل امپورٹ کیا گیا، جبکہ گزشتہ سال اگست میں 65 کروڑ 92 لاکھ لیٹر خام تیل امپورٹ کیا گیا تھا اور جون 2023 میں 74 کروڑ 6 لاکھ لیٹر خام تیل امپورٹ کیا گیا۔

اس طرح خام تیل کی امپورٹ میں گزشتہ سال اگست کی نسبت 5 فیصد تک اضافہ ہوا ہے، جبکہ رواں سال جون کی نسبت 7 فیصد کمی ہوئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp