ٹول پلازے پر ملازم کو زخمی کرنے والے ملزم حاجی حمید نے عدالت سے ضمانت حاصل کر لی

بدھ 13 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے ٹول پلازے پر ملازم کو زخمی کرنے والے ملزم حاجی حمید کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کر لی۔

غربی کراچی میں حب روڑ پر ٹول ٹیکس مانگنے پر کیشیئر کو زخمی کرنے والے ملزم حاجی حمید نے سیشن عدالت میں ضمانت قبل از گرفتاری کے لیے درخواست دائر کی، سیشن عدالت درخواست ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نمبر 12 کو منتقل کی جہاں درخواست پر سماعت ہوئی۔

ملزم حاجی حمید نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ تفتیش میں شامل ہونا چاہتے ہیں اور پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کرنے کے لیے بھی تیار ہیں، شامل تفتیش ہونے کے لیے پولیس کو ان کو گرفتار کرنے سے روکا جائے۔

عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد ملزم حاجی حمید کی عبوری ضمانت منظور کر لی اور ملزم کو 2 لاکھ کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا ہے، کیس کی مزید سماعت 27 ستمبر تک ملتوی کردی گئی ہے۔

عدالت نے پولیس کو ملزم حاجی حمید کو آئندہ سماعت تک گرفتار کرنے سے روک دیا ہے جبکہ ملزم حاجی حمید کو عدالت نے حکم دیا ہے کہ وہ پولیس کی تفتیش میں شامل ہوں۔

اس سے قبل پولیس کی جانب سے یہ مؤقف سامنے آیا تھا کہ ملزم کراچی سے بلوچستان فرار ہو چکا ہے اس لیے گرفتار نہیں کیا جا سکا۔

پولیس نے مزید کہا تھا کہ ملزم کی گاڑی ٹریس کرنے پر معلوم ہوا کہ وہ اہل خانہ کے ہمراہ بلوچستان جا چکا ہے۔

واضح رہے کہ 10 ستمبر کو جنوبی کراچی کے لکی ٹول پلازہ پر کیشیئر کی جانب سے ٹول ٹیکس مانگنے پر ملزم حاجی حمید نے کیشیئر پر گولی چلا دی تھی جس پر ملزم حاجی حمید کے خلاف موچکو تھانے میں مقدمہ درج ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp