مریم نواز سے آسٹریلوی ہائی کمشنر کی ملاقات، باہمی دلچسپی پر تبادلہ خیال

بدھ 13 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینیئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف سے پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے ملاقات کی ہے۔

مسلم لیگ ن کے میڈیا سیل کے مطابق مریم نواز اور آسٹریلوی ہائی کمشنر کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر مریم نواز نے کہاکہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان مثبت، تعمیری اور قریبی دوستانہ تعلقات خوش آئند ہیں، قدرتی آفات اور ہر مشکل میں آسٹریلیا کی حکومت اور عوام نے پاکستان کا مخلصانہ ساتھ دیا جس پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔

چیف آرگنائزر ن لیگ نے کہاکہ آسٹریلیا میں مقیم پاکستانی دونوں ممالک کی دوستی کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان طویل المدتی تعلقات مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) آسٹریلیا کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو بہت اہمیت دیتی ہے، ماضی کی طرح مستقبل میں بھی دونوں ممالک کے تعلقات میں وسعت لائیں گے۔

مریم نواز نے کہاکہ تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دیں گے۔

مریم نواز شریف نے آسٹریلیا میں زیر تعلیم پاکستانی طالب علموں کو سہولیات کی فراہمی پر آسٹریلوی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نے ملاقات کے لیے وقت دینے پر مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ اس کے علاوہ پارٹی قیادت اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp