پنجاب: کپاس کی دشمن سفید مکھی کے خاتمے کے لیے ہنگامی اسپرے آپریشن کا اعلان

جمعرات 14 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) نے پنجاب میں کپاس کی فصل پرسفید مکھی کے حملے کے تدارک کے لیے حکومت پنجاب کے ساتھ مل کرکام کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ پنجاب میں کپاس کی فصل پرسفید مکھی کے حملے کے تدارک کے لیے حکومت پنجاب کے ہنگامی اسپرے آپریشن میں ایسوسی ایشن حکومت پنجاب کومعاونت فراہم کرے گی جبکہ اس مقصد کے لیے فنڈز بھی مختص کردیے گئے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ سال کپاس کی 50 لاکھ گانٹھوں سے کم کی پیداوارحاصل ہوئی تھی جو پاکستان کی ٹیکسٹائل صنعت کی ڈیڑھ کروڑ گانٹھوں کی ضروریات سے بہت کم تھی۔ پاکستان کی ٹیکسٹائل کی ضروریات کوپوراکرنے کے لیے گزشتہ مالی سال کے دوران 2 ارب ڈالرمالیت سے زیادہ کپاس کی درآمدات ریکارڈ کی گئیں مگر اس کے باوجود یہ ٹیکسٹائل کی صنعت کوحقیقی استعداد کے مطابق چلانے کے لیے ناکافی تھی۔

 

اس صورتحال کے تناظرمیں اپٹما اورحکومت پنجاب کے درمیان شراکت داری سے کپاس کی فصل میں اضافہ کے لیے اقدامات کیے گئے جس سے کاٹن کی بوائی میں اس سال 23 فیصداضافہ ہوا۔ کپاس کا زیرکاشت رقبہ 5.2 ملین ایکٹرسے بڑھ کر6.6 ملین ایکڑہوگیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کپاس کی فصل پرسفیدمکھی کے حملہ کے تدارک کے لیے پاک فوج کی جانب سے اسپرے کے لیے ہنگامی بنیادوں پرڈرون تعینات کیے گئے ہیں۔

پنجاب کا محکمہ زراعت سپرے کے آپریشن کی سربراہی ونگرانی کررہا ہے۔ بیان کے مطابق ڈیرہ غازی خان، مظفرگڑہ، بہاولنگر، رحیم یارخان، بہاولپوراورملتان سمیت پنجاب کے 10 اضلاع میں سپرے کے لیے مناسب مقدارمیں کیڑے مارادویات (ایم اے ٹی اوآئی) فراہم کردی گئی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp