غیر قانونی کاروبار میں ملوث افراد کو شدید نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا، نگراں وزیر اعظم

جمعہ 15 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں وزیر اعظم نے کہاکہ غیر قانونی کاروبار میں ملوث افراد کو شدید نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا کیونکہ بارڈر ٹریڈ کے حوالے سے پالیسی ترتیب دے دی گئی ہے، اسمگلنگ کے خلاف مؤثر کارروائی کا آغاز کیا ہے اور خاص طور پر ڈالر کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے کام تیز کر دیا گیا ہے۔

نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے اسلام آباد میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ انتخابات کی تاریخ کا تعین کرنا ہمارا کام نہیں ہے، ہم کسی غیر آئینی اقدام کی حمایت نہیں کریں گے، اور اگر میں انتخابات کی تاریخ کا اعلان کروں گا تو یہ غیر قانونی ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کررہے ہیں، غریب طبقہ ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کی وجہ سے متاثر ہوتا ہے، بجلی چوری، ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ کے خلاف فیصلے کیے گئے ہیں۔ 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے بل قسطوں میں لینے کا فیصلہ جلد کریں گے۔

’پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی منڈی سے جڑی ہیں۔‘

ان کا کہنا تھاکہ کسی قسم کی کوئی بھی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، جتنے بھی وقت کے لیے رہیں گے بھرپور کام کریں گے۔ نگراں حکومت بلا خوف و خطر کارروائی کر رہی ہے، کچے کے علاقے سے متعلق فیصلہ آپریشنل کمانڈ نے کرنا ہے۔

صحافی نے فواد حسن فواد سے متعلق سوال کیا، جس پر نگراں وزیر اعظم نے کہاکہ مجھے یاد نہیں پڑتا کہ فواد حسن فواد ماضی میں کسی سیاسی پارٹی سے منسلک رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp