پہلے سے زیادہ زور سے بولوں گا، حافظ حمد اللہ کا عوام کے نام ویڈیو پیغام

جمعہ 15 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مستونگ میں بم حملہ میں شدید زخمی ہونے والے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم ) اورجمعیت علما اسلام کے رہنما حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ بچانے والا مارنے والوں سے بہت زیادہ طاقت ور ہے، موت اور زندگی اللہ کے ہاتھ میں ہے۔

اپنے ویڈیو پیغام میں حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ آج جو میں محفوظ ہوں یہ دوست احباب ساتھیوں، قوم کے عام لوگوں، دینی مدارس کے طلبہ، علمائے کرام کی دعاؤں کی برکت ہے ورنہ ہمارے پاس اس قسم کے بم دھاکوں کا راستہ روکنے کے لیے قوت نہیں تھی۔

انہوں نے کہا کہ اللہ نے بچایا، حوصلہ جوان ہے، کوئی کمزوری نہیں ہے۔ انشااللہ، اللہ تعالیٰ صحت دے گا ،تو اس سے بھی زیادہ زور سے نکلوں گا، زور سے بولوں گا، کوئی کمزوری نہیں دکھاؤں گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے علاقے مستونگ میں بم دھماکے سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما حافظ حمداللہ سمیت 11 افراد زخمی ہوئے تھے۔

حافظ حمداللہ پر حملہ، کوئٹہ میں شٹر ڈاؤن ہڑتال

دوسری جانب حافظ حمد اللہ کے قافلے پر دھماکے کے خلاف جے یو آئی کی جانب سے کوئٹہ میں شٹر ڈاون ہڑتال کی کال دی گئی ہے، عوامی نیشنل پارٹی نے جمعیت علماء اسلام کی شٹرڈاؤن ہڑتال کی کال کی حمایت کی ہے، ہڑتال کے باعث شہر میں ٹریفک بھی معمول سے کم ہے۔

حافظ حمداللہ پر حملے کا مقدمہ درج

حافظ حمداللہ پر حملے کا مقدمہ سی ٹی ڈی سٹی تھانہ مستونگ میں ایس ایچ او کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے۔ مقدمے میں ایکسپلوز ایکٹ، قتل، اقدام قتل اور انسداد دہشت گردی کے دیگر دفعات شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp