سونے کے اسمگلروں کے خلاف کریک ڈاؤن کے باعث کراچی صرافہ مارکیٹ نے 3 دن سے گولڈ ریٹ نہیں کھولا اور ملک بھر میں فی تولہ سونے کا دام 3 دن سے برقرار ہے۔
ذرائع کے مطابق قانون نافظ کرنے والے اداروں نے صرافہ مارکیٹ کے سٹے بازوں کے خلاف گھیرا تنگ کردیا اور کچھ سٹے بازوں کو تحویل میں بھی لیا گیا ہے۔
حساس اداروں کا سونا اسمگلرز کے خلاف کریک ڈاؤن کے بعد سونے کی قیمتوں میں سٹے کا بازار ختم ہوگیا ہے۔
صدر آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن ہارون رشید چاند کہتے ہیں کہ سونے کی قیمتیں ہفتے کو معمول کے مطابق کھولی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حساس اداروں کو یقین دہانی کرادی گئی ہے کہ سونے کی قیمتوں میں سٹہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سونے کی قیمتوں کو شفاف بنانے کے لیے اداروں سے رابطے میں ہے۔
رشید چاند مزید کہنا تھا کہ ملک بھر میں سونے کی قیمت 12 ستمبر کے ریٹس کے مطابق ہے جبکہ آئندہ سونے کی قیمت انٹرنیشنل مارکیٹ اور ملکی قوانین کے مطابق ٹریڈ ہوں گی۔ ملک بھر میں فی تولہ سونا 3 دن پرانے دام 2لاکھ 15 ہزار روپے پر فروخت ہو رہا ہے۔