خواتین کا 6 ملکی فٹ بال ٹورنامنٹ: پاکستانی ٹیم کا اعلان کردیا گیا

ہفتہ 16 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے آئندہ ہفتے سعودی عرب میں شروع ہونے والے خواتین کے بین الاقوامی دوستانہ ٹورنامنٹ کے لیے اسکواڈ کا اعلان کر دیا۔

18 سے 30 ستمبر تک منعقد ہونے والے اس چھ ملکی ٹورنامنٹ میں میزبان سعودی ٹیم کے علاوہ لبنان، لاؤس، ملائیشیا اور بھوٹان کی فٹ بال ٹیمیں بھی حصہ لیں گی۔

پی ایف ایف نے ایک بیان میں کہا کہ 22 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے جس کی قیادت ماریہ خان کریں گی۔

گرین شرٹس کی ٹیم گروپ اے میں موجود ہے جہاں وہ سعودی عرب اور ملائیشیا کے ساتھ کھیلے گی۔ پاکستانی خواتین فٹبالرز 21 ستمبر کو اپنا پہلا میچ کھیلیں گی۔ اس کے بعد وہ 24 ستمبر کو طائف کے کنگ فہد اسٹیڈیم میں میزبان ٹیم سے مقابلہ کریں گی جہاں ٹورنامنٹ کے بقیہ میچز بھی کھیلے جائیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان نے آخری بار جنوری میں ایک 4 ملکی مقابلے میں شرکت کے لیے سعودی عرب کا سفر کیا تھا۔ اس ٹورنامنٹ میں کوموروس اور ماریشس بھی شامل تھے۔

گرین شرٹس نے ماریشس سے 2-1 سے ہارنے سے پہلے کوموروس کو شکست دی تھی لیکن پھر ایک شاندار انداز میں سعودی عرب سے مقابلہ 1-1 سے برابر کیا تھا۔ یاد رہے کہ یہ ٹورنامنٹ سعودی عرب شاندار انداز میں جیتا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp