نسیم شاہ کی کرکٹ میں واپسی کا فیصلہ انجری کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا، پی سی بی

ہفتہ 16 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ میڈیکل ٹیم ایشیا کپ 2023 کے دوران نسیم شاہ کے کندھے کی انجری کی صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے جب کہ  نسیم کو بہترین ممکنہ دیکھ بھال فراہم کرنے کے لیے ماہرین کے ساتھ طبی مشاورت جاری ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے ہفتہ کے روز جاری ایک پریس نوٹ میں کہا گیا ہے کہ  پی سی بی کا میڈیکل پینل فاسٹ بولر کی کرکٹ میں واپسی کا فیصلہ ان کی انجری کی مزید جانچ پڑتال کی بنیاد پر کرے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کے دائیں کندھے میں چوٹ لگنے کے بعد ان کے ورلڈ کپ میں شرکت نہ کرنے کا امکان ہے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ڈاکٹرز کی دوسری رائے طلب کر رہا ہے لیکن دبئی میں کیے گئے اسکین ٹیسٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ انجری کے باعث وہ رواں برس آسٹریلیا کے دورے سے بھی باہر رہ سکتے ہیں۔

ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق اگر اسکین ٹیسٹ کے ثانوی نتائج ابتدائی نتائج سے مطابقت رکھتے ہوئے تو 20 سالہ نسیم کو کئی ماہ کھیل سے دور رہنا پڑے گا۔ جس کا مطلب ہے کہ اس سال کے آخر میں آسٹریلیا میں ٹیسٹ سیریز میں ان کی شرکت شکوک و شبہات کا شکار ہے اور ساتھ ہی اگلی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں بھی ان کی شرکت مشکوک ہے۔

نسیم شاہ گزشتہ ہفتے ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف پاکستان کے دوسرے میچ کے دوران 46 ویں اوور کے وسط میں آؤٹ ہو گئے تھے اور اس کے فوراً بعد ہی ٹورنامنٹ سے بھی باہر ہو گئے تھے۔ انہیں کندھے کے بالکل نیچے پٹھوں میں چوٹ لگی تھی جس کی وجہ سے وہ ایشیا کپ کا سری لنکا کے خلاف اہم میچ بھی نہیں کھیل سکے تھے۔

نسیم شاہ کی ورلڈ کپ اور اس کے بعد آسٹریلیا میں ہونے والی سیریز میں عدم موجودگی پاکستان کے لیے بڑا دھچکا ثابت ہوگی۔ گزشتہ ایک سال کے دوران نسیم شاہ پاکستان کے لیے ریڈ بال اسپیشلسٹ سے آل فارمیٹ بولر بن گئے ہیں اور موجودہ فارم کے لحاظ سے نسیم شاہ، شاہین آفریدی اور حارث رؤف پاکستان کے بہترین کھلاڑی ہیں۔

توقع ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) چند دنوں میں ان کے ثانوی اسکین کے نتائج آنے کے بعد ورلڈ کپ میں ان کی شمولیت بارے باضابطہ فیصلہ کرے گا۔ ایشیا کپ میں ان کی جگہ زمان خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا جبکہ ایک اور ممکنہ متبادل محمد حسنین بھی اس وقت انجری کا شکار ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp