چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا اہلیہ کے ہمراہ حلف: ‘کیا شاندار تصویر ہے اور پیغام بھی‘

اتوار 17 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اتوار کو عدالت عظمیٰ کے 29ویں چیف جسٹس کے طور پر حلف اٹھا لیا ہے۔ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے ان سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔ اس موقع پر ان کی اہلیہ سرینا عیسیٰ بھی ان کے ساتھ موجود تھیں۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے حلف لیتے ہوئے ان کی اہلیہ کے ساتھ کھڑے ہونے کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں اور صارفین نے اس پر تبصرے کیے کسی نے صدر پاکستان عارف علوی کو تنقید کا نشانہ بنایا کہ یہ وہی صدر ہیں جنہوں نے مئی 2019  میں ان کے خلاف ریفرنس دائر کیا، اور کوئی جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی اہلیہ کے عدالتی ٹرائل کو یاد کرتا نظر آیا۔

رابعہ آفتاب لکھتی ہیں کہ وقت وقت کی بات ہے کبھی یہی خاتون (اہلیہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ) عدالتوں کے چکر لگا رہی تھیں اور عدالتی ٹرائل کے ساتھ ساتھ میڈیا ٹرائل بھی برداشت کر رہی تھیں،  کبھی ان کی اسٹک کا مذاق بنایا گیا تو کبھی چال کی نقل اتاری گئی، ان کا مزید کہنا تھا کہ میں نے خود کچھ حاضر سروس افسروں کو ان کی نقل اتارتے دیکھا ہے۔

صحافی ثاقب بشیر نے کہا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سپریم کورٹ کے 29 ویں چیف جسٹس آف پاکستان کا حلف اٹھا لیا جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اپنی اہلیہ سرینہ عیسی کو ساتھ کھڑا کرکے حلف اٹھایا

 صحافی بشیر چوہدری لکھتے ہیں کہ اللہ چاہے تو ریفرنس دائر کرنے والے صدر کو صدارت کی مدت ختم ہونے کے بعد بھی حلف لینے کے لیے روک لیتا ہے۔

صحافی نادر گورمانی کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسی نے حلف لینے کے دوران اپنی اہلیہ کو اپنے ساتھ کھڑا کیا۔ قاضی فائز عیسی کی اہلیہ کو صدارتی ریفرنس کے بعد نہ صرف ایف بی آر کے چکر کاٹتے بلکہ سپریم کورٹ میں سماعت کے دوران روتے ہوئے بھی دیکھا۔

صحافی عاصمہ شیرازی نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی ان کی اہلیہ کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ کتنی شاندار تصویر ہے اور پیغام بھی۔


رائے شاہنواز نے جسٹس قاضی فائز کے ساتھ ان کی اہلیہ کے ساتھ کھڑے ہو کر حلف لینے پر تبصرہ کیا کہ چیف جسٹس کی اہلیہ حلف اٹھاتے وقت ساتھ کیوں کھڑی ہیں؟ اس کی نظیر نہیں ملتی۔


کالم نگار آصف محمود نے کہا کہ یہ چیف جسٹس آف پاکستان کا حلف تھا کوئی خاندانی تقریب نہیں تھی کہ بیگم صاحبہ ساتھ کھڑی ہوتیں۔ افسوس ہوا۔تو کیا کہیں کوئی بھی ایسا نہیں جو کچھ اچھی روایات چھوڑے۔انصاف: ساس سے بیگم تک؟


سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نےکہا کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسی نے حلف کی تقریب میں اپنی اہلیہ کو اپنے ساتھ کھڑا کر کے اچھی روایت قائم کی ہے۔ ان کی اہلیہ نے جس جرات اور بہادری سے اس سازش کا مقابلہ کیا جس کا مقصد چیف جسٹس کو آج کے دن سے روکنا تھا وہ نہایت قابل ستائش ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بیشک اللہ جسے چایے عزت سے نوازتا ہے۔


احمد وڑائچ نے دنیا کے مختلف رہنماؤں کی حلف برداری کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ شریک حیات کے ساتھ عہدے کا حلف اٹھانا کئی ممالک کی خوبصورت روایت ہے، مجھے ذاتی طور پر یہ عمل پسند ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ جس خاتون/مرد نے ساری زندگی آپ کے ساتھ گزاری، اتار چڑھاؤ دیکھے، اسے ساتھ کھڑا کر لیا تو اتنی بڑی بات نہیں، بس یہ خیال رکھنا چاہیے کہ آپ نے جو حلف اٹھایا ہے اس کی پاسداری کریں۔


واضح رہے جسٹس قاضی فائز عیسٰی کے خلاف سپریم کورٹ نے صدارتی ریفرنس تو 19 جون 2020 کو خارج کر دیا تھا لیکن بعد میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ایک کیوریٹو ریویو (نظرثانی) دائر کیا۔ پی ٹی آئی حکومت کی رخصتی اور پی ڈی ایم حکومت آنے کے بعد وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ سے یہ درخواست واپس لینے کی استدعا کی تھی۔
جسٹس قاضی فائز عیسٰی 17 ستمبر 2023 سے اکتوبر 2024 تک پاکستان کے 29ویں چیف جسٹس ہوں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp