کثیر الملکی فضائی مشقوں میں شرکت کے بعد پاک فضائیہ کا دستہ واپس وطن پہنچ گیا

اتوار 17 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مصر میں کثیر الملکی فضائی مشقوں میں اپنی مہارت کا مظاہرہ کرنے کے بعد پاکستانی فضائیہ کا دستہ واپس وطن پہنچ گیا ہے۔

مصر کے محمد نجیب ملٹری بیس پر منعقد ہونے والی برائٹ اسٹار 2023 مشقوں میں مجموعی طور پر 30 ممالک نے شرکت کی جن میں پاکستان، سعودی عرب، امریکا، برطانیہ، عمان، اردن، یونان اور قطر شامل ہیں۔

1977 میں امریکا اور مصر کے درمیان دو طرفہ فضائی تربیتی پروگرام کے طور پر شروع ہونے والی برائٹ اسٹار فضائی مشقیں ایک قابل ذکر کثیر الملکی ایونٹ بن چکی ہیں۔

مصر میں ہونے والے اس ایونٹ میں پاک فضائیہ کے دستے اور اس کے جدید ترین جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیاروں نے اپنی مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ایونٹ میں پاکستان کی شرکت نے نہ صرف علاقائی اور بین الاقوامی تعاون کے لیے پاک فضائیہ کے عزم کو اجاگر کیا بلکہ متنوع اور چیلنجنگ ماحول میں کام کرنے کی اس کی صلاحیتوں کو بھی اجاگر کیا گیا۔

ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ پاک فضائیہ علاقائی استحکام اور بین الاقوامی تعاون کے عزم کے ساتھ ان مشترکہ مشقوں میں شریک ہوئی۔ ان فضائی مشقوں کے دوران پاک فضائیہ کے دستے نے غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور پاکستان کے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کی صلاحیتوں کو اجاگر کیا۔

بیان میں بتایا گیا ہے کہ پاک فضائیہ نے اپنی سخت تربیت اور حقیقت پر مبنی فضائی جنگی مشقوں کے دوران اسٹریٹجک چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اپنی آپریشنل تیاریوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔

ایونٹ میں پاک فضائیہ کی شمولیت عالمی امن اور سلامتی کے مقصد کے لیے پاک فضائیہ کی لگن کا واضح ثبوت ہے۔

ترجمان کاکہنا ہے کہ پاک فضائیہ مستقبل میں اتحادی ممالک کی فضائیہ کے ساتھ تعاون کی خواہاں ہے اور درپیش سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر ابھرتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اپنی صلاحیتوں میں اضافہ جاری رکھے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp