مہنگائی کے خلاف گورنر ہاؤسز کے باہر دھرنے، جماعت اسلامی نے تاریخوں کا اعلان کر دیا

اتوار 17 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جماعت اسلامی پاکستان نے پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے، بجلی کے زیادہ بلوں اور بدترین مہنگائی کے خلاف گورنر ہاؤسز کے باہر دھرنے دینے کا اعلان کر دیا ہے۔

جماعت اسلامی کی طرف سے گورنر ہاؤسز کے باہر دھرنے دینے کی تاریخوں کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ مہنگائی کے خلاف تحریک میں ہمارے دست و بازو بنیں۔

جماعت اسلامی کی جانب سے جاری کیے گئے شیڈول کے مطابق 18 ستمبر کو پشاور میں گورنر ہاؤس خیبرپختونخوا کے باہر دھرنا دیا جائے گا۔

اس کے بعد دوسرے مرحلے میں 21 ستمبر کو گورنر ہاؤس لاہور کے بعد دھرنا دیا جائے گا، جبکہ گورنر ہاؤس بلوچستان کے باہر مہنگائی کے خلاف احتجاج 24 ستمبر کو ہوگا۔

گورنر ہاؤس سندھ کے باہر دھرنے کے لیے 6 اکتوبر کی تاریخ دی گئی ہے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہاکہ حکومت کی طرف سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ قبول نہیں، عوام اس وقت مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔

سراج الحق نے کہاکہ جماعت اسلامی مہنگائی کے خلاف احتجاجی تحریک چلا رہی ہے، اس لیے عوام ہمارے دست وباز وبنیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے آئی ایم ایف کے کہنے پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کر دیا ہے، جس کی وجہ سے عام آدمی کا جینا دو بھر ہو گیا ہے۔

انہوں نے عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ موجودہ صورت حال میں خاموش رہنا موت ہے، اس لیے گھروں سے باہر نکلیں۔

سراج الحق کہتے ہیں کہ ہم اپنی احتجاجی تحریک کے ذریعے حکومت کو مجبور کریں گے کہ وہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیا گیا اضافہ واپس لے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp