پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف کراچی کے عوام کی جانب سے انوکھا احتجاج کیا گیا، کراچی کی مختلف شاہراہوں پر گاڑیاں بند کر کے عوام کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔
کراچی میں مہنگائی کے خلاف آج احتجاج کی کال جماعت اسلامی کی جانب سے دی گئی تھی، اس سے قبل گزشتہ روز پشاور میں جماعت اسلامی کی کال پر گورنر ہاؤس کے باہر احتجاج ریکارڈ کرایا گیا تھا۔
مزید پڑھیں
جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کراچی کے مختلف 15 مقامات پر احتجاج کی کال دی تھی۔
احتجاج کے شرکا کو ہدایت کی گئی تھی کہ ایمبولینس کے لیے راستہ کھلا رکھا جائے۔
جماعت اسلامی کی جانب سے واٹر پمپ، کورنگی نمبر 5 شارع کورنگی، قائد آباد نیشنل ہائی وے، بندر روڈ، ایم اے جناح روڈ سمیت دیگر علاقوں میں احتجاج کی کال دی گئی تھی۔
احتجاج کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہاکہ مہنگائی کی وجہ سے عوام کا جینا دوبھر ہو چکا ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے اشیا کی قیمتیں عوام کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں۔
واضح رہے کہ جماعت اسلامی پاکستان نے چاروں صوبوں میں گورنر ہاؤسز کے باہر دھرنے دینے کا اعلان کر رکھا ہے، اس سلسلے میں گزشتہ روز گورنر ہاؤس پشاور کے باہر دھرنا دیا گیا تھا، اس احتجاجی پروگرام سے جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے خطاب کیا۔
سراج الحق نے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ ہمارے حکمران آئی ایم ایف کی چوکھٹ پر سجدہ ریز ہو گئے ہیں، اس لیے ہم اس نظام سے بغاوت کا اعلان کرتے ہیں۔