مطالبات پورے ہونے تک جماعت اسلامی کا کراچی میں بڑے دھرنے کا اعلان

بدھ 20 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی کے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کرنے اور مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے مطالبے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی ملک بھر میں احتجاج کا سلسلہ شروع کرنے جارہی ہے، اکتوبر کے پہلے ہفتے میں کراچی کے 100 مقامات پر احتجاج کریں گے اور اس کے بعد ایک بڑا دھرنا دیں گے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کراچی کے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہاکہ ہمارا کوئی ایجنڈا نہیں ہے سوائے اس کے کہ پیٹرول کی قیمتیں کم ہوں ہر 15 دن کے بعد عوام پر پیٹرول بم مار دیا جاتا ہے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ 12 ربیع الاول کے بعد اکتوبر کے پہلے ہفتے میں ہی کراچی کے 100 مقامات پر سڑکوں پر احتجاج کریں گے اور عوام کے تعاون سے بڑی قوت کے اندر ڈھلیں گے۔

انہوں نے کہاکہ ہو سکتا ہے کہ 2 اکتوبر کو احتجاج کریں، پشاور کے گورنر ہاؤس میں اس وقت بھی دھرنا جاری ہے، لاہور میں بھی دھرنا ہے اور 6 اکتوبر کو کراچی میں بڑا دھرنا دینے جا رہے ہیں، جب تک مطالبات پورے نہیں ہوں گے تب تک بیٹھے رہیں گے۔

ان کا کہنا تھاکہ ان کی جماعت چاہتی ہے کہ یہ جو عوامی پریشر ہے اس کو ایک رخ دیا جائے جس سے عوام کو ریلیف ملے، ہم چاہتے ہیں کہ ڈالر کی ویلیو نیچے آئے، ڈالر چھپانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے، اور جو ڈالرز برآمد ہوں ان کے نمبرز بھی بتائے جائیں۔

ان کا مزید کہنا تھاکہ ایسا نہ ہو جو عملہ چھاپہ مارتا ہے اسی کی جیبوں میں یہ ڈالرز چلے جائیں، جن لوگوں کے پاس سے ڈالرز برآمد ہو رہے ہیں ان لوگوں کو بھی منظر عام پر لانا چاہیے۔ جب تک یہ بتائیں گے نہیں کہ کس نے کتنا لوٹا ہے تب تک عوام کا اعتماد حاصل نہیں کیا جاسکتا۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہاکہ ڈالر نیچے جانے کے بعد بھی پیٹرول کا ریٹ کم نہیں ہوا، اس کا مطلب ہے کہ آئی ایم ایف کی غلامی ہے، آئی ایم ایف کہتا ہے کہ ٹیکس لگائیں اور اپنا گردشی قرضہ ختم کریں لیکن ہر پارٹی ہر حکومت میں جاگیردار اور سرمایہ دار بیٹھے ہیں جو ملک کے 70 فیصد وسائل پر قابض ہیں، وہی فیصلے کرتے ہیں اور ٹیکس سے بچتے ہیں۔

حافظ نعیم کا کہنا تھاکہ انہی لوگوں کی شوگر ملیں ہیں، ٹیکسٹائل ملیں ہیں، ہاؤسنگ سوسائٹیز ہیں، آئی پی پیز والے بھی یہی لوگ ہیں، یہ ایک فیصد لوگ بھی نہیں ہیں جنہوں نے پاکستان کے وسائل پر قبضہ کر رکھا ہے اور چھوٹے سرمایہ دار اور غریب عوام کا استحصال کر رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp