عمران خان اور ہمنوا ایک اور مشکل میں پھنس گئے

بدھ 20 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سانحہ 9 مئی کے مقدمات میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سمیت تمام ملزمان کے چالان میں بغاوت کی دفعات شامل کر دی گئی ہیں۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے بتایا ہے کہ 9 مئی کے مقدمات میں 120 بی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

پولیس کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جائے وقوعہ پر عدم موجودگی کے باوجود بغاوت پر اکسانے اور منصوبہ بندی کے شواہد ملے ہیں۔ بغاوت کی دفعات پراسیکیوشن کی جانب سے چالان پر اعتراضات اٹھانے پر دفعات لگائی گئی ہیں۔

پولیس نے بتایا کہ ایجنسیوں کی رپورٹ ملنے پر چالان جمع کرایا جائے گا۔ چالان جمع کرانے سے قبل پراسیکیوشن کے تمام اعترضات دور کردیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں کی جانب سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا اور اس دوران فوجی تنصیبات سمیت شہدا کی یادگاروں کو بھی نقصان پہنچایا گیا تھا۔

9 اور 10 مئی کو جلاؤ گھیراؤ کے کیس میں سینکڑوں ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔

سابق حکومت کے دور میں یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ جن ملزمان نے 9 مئی کو فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچایا ہے ان کے کیسز فوجی عدالتوں میں چلیں گے جبکہ دیگر جگہوں پر دھاوا بولنے والوں کو سول عدالتوں سے سزا دلوائی جائے گی۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے یہ کہا جا رہا ہے کہ سانحہ 9 مئی میں وہ ملوث نہیں، یہ سب جان بوجھ کر کیا گیا ہے تاکہ تحریک انصاف کو ختم کیا جا سکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp