ن لیگ کو ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ دینا پڑے گی، خورشید شاہ

بدھ 20 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیئر رہنما و سابق اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے ٹاپ لیول کے لوگ نگراں کابینہ کا حصہ ہیں، ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ دینا پڑے گی۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سید خورشید شاہ نے کہاکہ بے یقینی کی کیفیت کے باوجود ملک میں عام انتخابات ضرور ہوں گے، ہو سکتا ہے حلقہ بندیوں کی وجہ سے انتخابات دسمبر تک چلے جائیں۔

پیپلزپارٹی کے رہنما نے کہاکہ عام انتخابات میں عوام جس کو بھی منتخب کریں گے اس کے مینڈیٹ کا احترام کریں گے، میثاق جمہوریت کی یہ سب سے بڑی کامیابی ہے کہ اب کوئی بھی الیکشن سے بھاگ نہیں سکتا۔

انہوں نے کہاکہ ماضی میں الیکشن نہ کرانے کا رواج رہا ہے، ہم نے جس طرح جمہوریت کی کشتی کو یہاں تک لایا یہ ایک تاریخ ہے۔

سابق اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ بدقسمتی سے ملک میں 40 سال تک آمروں نے حکومت کی، ضروری ہے کہ ہم تاریخ سے سبق سیکھیں، پیپلزپارٹی کبھی بھی جمہوریت اور عوام سے منہ نہیں موڑے گی۔

انہوں نے کہاکہ ہم مسلم لیگ ن سے لیول پلیئنگ فیلڈ کا مطالبہ کررہے ہیں، اور یہ اُن کو کرنا پڑے گا ورنہ آنے والے وقت میں ذمہ دار بھی یہی ہوں گے۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو پاکستان آنا چاہیے، میں نے پہلے بھی کہا تو جتنی جلدی ان کو لے کر آؤ گے اتنا اچھا ہو گا۔

پی پی رہنما نے کہا کہ میں ابھی تک یہ نہیں کہوں گا کہ ن لیگ نے ہمیں دھوکا دیا ہے، نواز شریف آ جائیں تو پھر دیکھیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو جیل میں رکھ کر الیکشن کرانا ہے یا اس کی پارٹی پر پابندی لگانی ہے مگر سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اتنا ووٹ بینک آخر کہاں جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp