شہباز شریف لندن روانہ، مسلم لیگ ن کی اہم بیٹھک کل لندن میں ہو گی

جمعرات 21 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے مشاورت کے لیے مسلم لیگ ن کی اہم بیٹھک کل لندن میں ہو گی۔

سابق وزیر اعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز الگ الگ پروازوں سے لندن روانہ ہو گئے ہیں، دونوں رہنما لندن میں مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد میاں نواز شریف سے ملاقات کریں گے۔

مسلم لیگ ن کے کئی اہم رہنما پہلے ہی سے لندن میں موجود ہیں جن میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار، سابق وزیر قانون اعظم نزیر تارڑ بھی شامل ہیں، شہباز شریف اور مریم نواز کے لندن پہنچنے کے بعد پارٹی رہنما سابق وزیر اعظم نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے قانونی معاملات اور آئندہ انتخابات میں پارٹی کی حکمت عملی پر سر جوڑ کر بیٹھیں گے۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ شہباز شریف منگل کے روز ایک مہینہ تک لندن میں قیام کے بعد پاکستان پہنچے تھے اور اب ایک دن بعد ہی دوبارہ لندن روانہ ہو گئے ہیں۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے 21 اکتوبر کو وطن واپسی کا اعلان کر رکھا ہے۔

دوسری طرف چیف جسٹس عمرعطا بندیال نے اپنے آخری روز سابق وزیر اعظم عمران خان کی درخواست پر نیب ترامیم کو کالعدم قرار دیا تھا۔

اس فیصلے کے بعد نواز شریف، شہباز شریف، حمزہ شہباز، شاہد خاقان عباسی، سابق صدر آصف علی زرداری ، جہانگیر ترین اور علیم خان سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں کے کرپشن کیس دوبارہ سے کھل گئے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp