شہباز شریف کی اچانک لندن روانگی، اہم پیغام کیا ہے؟

جمعرات 21 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وزیراعظم شہباز شریف برطانیہ سے وطن واپسی کے محض 48 گھنٹے بعد ہی دوبارہ لندن روانہ ہوگئے ہیں اس پیش رفت نے کئی قیاس آرائیوں کو جنم دیا ہے۔ شہباز شریف لندن میں کئی ہفتے گزارنے کے بعد رواں ہفتے کے آغاز پر وطن واپس پہنچے تھے۔

ان کا یہ دورہ پارٹی کی نائب صدر مریم نواز کے دورہ لندن کے موقع پر ہوگا، جو اپنے چچا کی لندن آمد سے قبل ایک علیحدہ پرواز سے لندن پہنچ چکی ہیں۔ لندن میں موجود نواز شریف کے ترجمان محمد زبیر کے مطابق کچھ اہم پارٹی رہنما جمعہ کو ایوان فیلڈ میں اہم سیاسی معاملات پر اجلاس منعقد کریں گے۔

وی نیوز سے گفتگو میں محمد زبیر نے شہباز شریف کی اچانک لندن روانگی کے حوالے سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اہم پیغام کا علم صرف نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز کو ہوگا لیکن بظاہر لگتا ہے کہ پیغام بہت اہم نوعیت کا ہے، جسے فون پر نہیں بتایا جاسکتا۔

کچھ قیاس آرئیاں نواز شریف کے حالیہ خطاب کے حوالے سے بھی ہو رہی ہیں جس میں انہوں کچھ  سابق جرنیلوں کے حوالے سے کہا تھا کہ  وہ قومی مجرم ہیں جنہیں معاف نہیں کیا جائے گا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اس بیانیے سمیت سپریم کورٹ کے اس فیصلہ، جس میں نیب ترمیم کو کالعدم قرار دے کر تمام نیب ریفرنسز بحال کردیے گئے ہیں، پر مشاورت ہوگی۔ نواز شریف کی 21 اکتوبر کو لندن سے لاہور روانگی کے ضمن میں بھی اہم پیش رفت ہوسکتی ہے۔

کچھ طاقتیں نواز شریف کو وطن واپس آنے سے روکنا چاہتی ہیں

وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر تجزیہ نگار سلمان غنی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے پاس نواز شریف کی واپسی کا آخری کارڈ ہے جس کے استعمال کو روکنے کے لیے کچھ قوتیں سرگرم ہیں تاکہ نواز شریف 21 اکتوبر کو پاکستان واپس نہ آئیں۔

’ہو سکتا ہے کہ شہباز شریف یہی پیغام لے کر اچانک لندن روانہ ہوئے ہوں حالانکہ نواز شریف کی واپسی کی تاریخ کے حوالے سے لندن میں شہباز شریف نے خود ہی اعلان کیا تھا۔ نواز شریف اب واپس آئیں گئے یا نہیں اس کا انحصار ان پر ہے۔‘

سلمان غنی کے مطابق مسلم لیگ ن کے لیے اگر کوئی امید ہے تو وہ نواز شریف کی وطن واپسی اور ان کا الیکشن مہم میں حصہ لینا ہے۔ اگر نواز شریف وطن واپس نہیں آتے تو مسلم لیگ ن کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں ہوگا۔ کچھ قوتیں چاہتی ہیں کہ نواز شریف نہ آئیں وہ یہاں پر کوئی الیکشن مہم نہ چلائیں۔

’اب دیکھنا یہ ہے کہ نواز شریف رکتے ہیں یا نہیں یہ بڑا اہم فیصلہ نواز شریف کا ہوگا، شہباز شریف  ریاستی اداروں سے مفاہمت کے قائل ہیں جبکہ نواز شریف ووٹ کو عزت دو کی بات کرتے ہوئے لوگوں کی آواز بننے کی کوشش کرتے رہے ہیں۔ یہ تضاد ہے دونوں بھائیوں کے درمیان، لیکن شہباز وزیر اعظم اس وقت ہی بنتے ہیں جب نواز شریف انہیں بناتے ہیں۔‘

مریم نواز بھی لندن میں

مریم نواز بھی اس وقت لندن پہنچ چکی ہیں۔ پارٹی کے مطابق مریم نواز اپنی بیٹی کے داخلے کے لیے لندن روانہ ہوئی ہیں لندن روانگی سے قبل مریم نواز نے کل شہباز شریف سے تقریباً ایک گھنٹے سے زائد ملاقات کی تھی۔

پارٹی ذرائع کے مطابق دونوں کے درمیان نواز شریف کی 21 اکتوبر کو وطن واپسی کے حوالے سے گفتگو ہوئی تھی جس کے بعد چچا اور بھتیجی دونوں لندن روانہ ہوگئے تھے۔

جمعے کے روز لندن میں متوقع اجلاس میں مریم نواز بھی شرکت کریں گی، جس میں حالیہ پارٹی بیانیہ اور نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالےسے اہم اعلان متوقع ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp