وفاقی دارالحکومت میں دہشت گردی کی دھمکی دینے والا نیٹ ورک دھر لیا گیا

منگل 3 جنوری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مقامی ذرائع ابلاغ میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں ٹی ٹی پی کی طرف سے دھمکی آمیز ویڈیو بنانے والے شخص سمیت 11 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔‘

وزارت داخلہ کے ایک اہلکار کے مطابق ’اسلام آباد کی حد تک ٹی ٹی پی سے متعلق تمام کیسز حل کر لیے گئے ہیں اور دہشت گردوں اور ہینڈلرز کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔‘

واضح رہے کہ گذشتہ دنوں ٹی ٹی پی کی جانب سے اسلام آباد کے پہاڑی علاقے سے بنائی گئی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر ریلیز کی گئی تھی جس میں پارلیمنٹ ہاؤس اور ریڈزون کو دکھا کر دھمکی آمیز زبان استعمال کی گئی تھی۔

اطلاعات کے مطابق ’گرفتار ہونے والے کچھ افراد اپنے مذموم مقاصد کے لیے مذہبی مدارس کو بھی استعمال کرتے پائے گئے جس کی وجہ سے مدارس کی انتظامیہ سے بھی اب بات چیت کی جائے گی۔‘

اس حوالے سے وزارت داخلہ، وزارت تعلیم اور وزارت منصوبہ بندی کے حکام ایک مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے پر غور کر رہے ہیں اور جلد اس سلسلے میں ایک مشترکہ اجلاس بھی بلایا جائے گا۔

وفاقی اداروں کو معلوم ہوا ہے کہ دہشت گردوں کے پاس آئی ٹی کی معلومات رکھنے والے افراد بھی موجود ہیں جو دہشت پھیلانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہیں۔

وزارت داخلہ کی ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ دنوں اسلام آباد میں ہونے والی دہشت گردی میں ملوث خودکش حملہ آور کا نام ثاقب الدین تھا اور وہ خیبر پختو نخوا کے علاقے جمرود (سابق خیبر ایجنسی) کا رہائشی تھا۔

خود کش حملہ آور نے 22 دسمبر کو ضلع کرم سے صوابی کا سفر کیا اور رات وہیں گزاری۔ وہ وقوعہ کی صبح ہی اسلام آباد پہنچا تھا۔

رپورٹ کے مطابق ’خودکش حملہ آور کو راولپنڈی کے ایک رہائشی شخص کی جانب سے مدد فراہم کی گئی تھی۔‘

وزارت داخلہ کے مطابق اسلام آباد میں پولیس، سی ٹی ڈی اور انٹیلی جنس ادارے مل کر دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp