سعودی عرب کے قومی دن پر مبارکباد، وقت کا تقاضا ہے کہ امت کے تصور کو بحال کیا جائے،  انیق احمد

جمعرات 21 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگران وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا ہے کہ موجودہ صورت حال تقاضا کرتی ہے کہ اُمت کے تصّور کو بحال کیا جائے، سعودی عرب کے 93 ویں قومی دن کے موقع پر پوری پاکستانی قوم سعودی حکومت اور عوام کو مبارک باد پیش کرتی ہے۔

وفاقی وزیر برائے مذہبی امور انیق احمد نے ریاض میں  سیکرٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی ڈاکٹر عبدالکریم العیسی  سے ملاقات کی اورباہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

دونوں رہنماؤں نے رابطہ عالم اسلامی کے پلیٹ فارم سے امت مسلمہ کے مسائل کے حل، تعاون کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات کی ۔

۱نیق احمد نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ امت کے تصور کو بحال کیا جائے۔  جدید علوم کا حصول دینی ضروت ہے۔ شارٹ ٹرم اور لانگ پلاننگ کی ضرورت ہے کہ امت کی غربت کا خاتمہ کیسے کیا جائے۔

 انہوں نے کہا کہ آج کے جدید مسائل میں اسلاموفوبیا، موسمیاتی تبدیلی، الحاد کا بڑھتا ہوا طوفان ہے۔ انہوں نے غیر مسلموں کے ساتھ مکالمے کی ضرورت پرزور  دیتے ہوئے  کہا کہ یہ تہذیبوں کی جنگ نہیں، بلکہ ایک دوسرے سے ناواقفیت کی جنگ ہے۔

نگراں مذہبی امور نے مزید کہا کہ ہمارا دین انسانیت  اور اس کی خدمت کی بات کرتا ہے۔ پوری انسانیت اللہ تعالی کا کنبہ ہے، خدائی کنبہ کی خدمت ہم پر فرض ہے۔

 ہم حکومتوں اور مذہبی رہنماوں کی سطح پر مکالمے کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے رابطہ عالم اسلامی کے تعاون سے پاکستان میں سیرت میوزیم کا قیام خوش آئند قرار دیا ۔ سیکرٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی ڈاکٹر عبدالکریم العیسی نے کہا کہ پاکستان عالم اسلام کا اہم ترین ملک ہے۔

 پاکستان پر جب بھی نظر ڈالتے ہیں ہماری قوت میں اضافہ ہوتا ہے ۔ تصور امت کے حوالے سے  عالم اسلام میں پاکستان کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے نومبر میں پاکستان کے دورے کے موقع پر سیرت میوزیم کا سنگ بنیاد رکھنے کا عندیہ دیا۔

سعودی عرب کے قومی دن پر نگراں وزیر مذہبی امور کا  پیغام

دریں اثنا نگراں وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا کہ سعودی عرب کے 93 ویں قومی دن کے موقع پر میں سعودی فرمانروا خادم حرمین شریفین اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔  پاکستانی عوام بھی اپنے سعودی بھائیوں کی خوشیوں میں برابر کی شریک ہے۔

اپنے تہنیتی پیغام میں وزیر مذہبی امور نے کہا کہ سعودی حکمرانوں نے جس طرح ضیوف الرحمن کو سہولیات اور آسانیاں فراہم کی ہیں وہ قابل قدر ہیں۔ سعودی عرب ہر میدان میں مثالی ترقی کرتا ہوا مسلم امہ کا ایک ممتاز اور انتہائی اہم ملک ہے۔

ہمیں خوشی ہے کہ سعودی عرب میں کام کرنے والے 27 ملین پاکستان بھی سعودی عرب کی تعمیر و ترقی میں شریک ہیں۔ اپنے وطن سے محبت ہر شہری کو ورثے میں ملتی ہے تاہم سعودی عرب اس لحاظ سے منفرد مملکت ہے کہ سعودی شہریوں کے ساتھ ساتھ دنیا کے کونے کونے میں بسنے والے مسلمان خواہ کسی بھی ملک سے تعلق رکھتے ہوں  سعودی عرب اور اسکے شہریوں سے خاص لگاؤ اور عقیدت رکھتے ہیں۔

 سعودی عرب نے اپنے قیام سے لیکر اب حیرت انگیز ترقی کی ہے۔ اور سلسلہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور شہزادہ محمد بن سلمان کے دور حکومت میں خصوصاً ویژن 2030 کے باعث تیز تر ہو گیا ہے۔

میں پاکستان اور سعودی عرب کے مابین خوشگوار برادرانہ تعلقات اور ہاہمی تعاون کے دوام اور مملکت کی ترقی و استحکام کے لیے دعاگو ہوں اور ایک مرتبہ پھر 23 ستمبر کو سعودی یوم الوطنی پر ان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp