کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان، حسن علی اِن، نسیم شاہ آؤٹ

جمعہ 22 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے لیے پاکستان کرکٹ اسکواڈ  کا اعلان کردیا گیا، کپتان بابر اعظم اور نائب کپتان شاداب خان ہوں گے۔ دیگر اسکواڈ میں محمد رضوان، فخر زمان، امام الحق، سعود شکیل، حسن علی،  افتخار احمد، عبد اللہ شفیق، سلمان علی آغا، اسامہ میر، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر شامل ہیں۔ ورلڈ کپ کے لیے ٹریولنگ ریزرو اسکواڈ میں زمان خان، ابرار احمد اور محمد حارث کو شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سیلیکٹر انضمام الحق نے ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2023 کے لیے 18 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ بابراعظم کپتان اور شاداب خان بطور نائب کپتان ذمہ داریاں سرانجام دیں گے۔

چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ورلڈ کپ اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ مڈل اوورز میں اسپنرز کا پرفارم کرنا بہت ضروری ہے، ورلڈ کپ اسکواڈ کے لیے 6 ماہ یا سال پہلے پلاننگ کی جاتی ہے، کسی بھی کھلاڑی کو ٹیم میں رہنا ہے تو پرفارمنس لیول بڑھانا ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ امام الحق اور عبد اللہ شفیق نے ایشیا کپ میں اچھی پرفارمنس دکھائی ہے، اور یہ بات درست ہے کہ اسپنرز شاداب خان اور محمد نواز کی کارکردگی متاثر کن نہیں تھی۔

محمد عامر کے لیے دروازے کھلے ہیں، انضمام الحق 

چیف سیلیکٹر انضمام الحق نے محمد عامر سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہاکہ محمد عامر ایک اچھا کرکٹر ہے، لیکن اس نے ریٹائرمنٹ لے لی ہے، اور اگر وہ دوبارہ ٹیم میں آنا چاہتے ہیں تو ان کے لیے دروازے کھلے ہیں۔

حسن علی کو ٹیم میں شامل کرنے کی کیا وجہ ہے؟

چیف سیلیکٹر انضام الحق سے صحافی نے سوال کیاکہ حسن علی کو کیوں اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے جس پرانضمام الحق نے حسن علی کا دفاع کرتے ہوئے کہاکہ حسن علی تجربہ کار کھلاڑی ہے، اور نئی گیند سے اچھی بولنگ کرا سکتا ہے، اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس کا انرجی لیول بہت اچھا ہے، جب ٹیم مشکل میں ہوتی ہے تو وہ کھلاڑیوں کو حوصلہ دیتا ہے جس کا ٹیم کو فائدہ ہو سکتا ہے۔

فخر زمان کی پرفارمنس متاثر کن نہیں ہے؟

فخر زمان کی پرفارمنس سے متعلق صحافی نے پوچھا کہ حالیہ میچز میں ان کی کارکردگی اچھی نہیں رہی جس پر انضمام الحق نے جواب دیا کہ فخر ایک اچھا کھلاڑی ہے انہوں نے بڑے میچز میں پاکستان کو فتح دلوائی ہے، ان کا ٹیم میں موجود رہنا ٹیم کے لیے بہتر ہے کیونکہ وہ کسی بھی وقت میچ کا رخ بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

نسیم شاہ کا نہ ہونا ہمارے لیے بھی اور ان کے لیے بھی نقصان دہ ہے، انضمام الحق

فاسٹ بولر نسیم شاہ کو انجری کے باعث ورلڈ کپ اسکواڈ سے باہر کر دیا گیا ہے، چیف سیلکٹر انضمام الحق نے کہاکہ نسیم شاہ کا ٹیم میں نا ہونا ٹیم کے لیے نقصان دہ ہے ہی لیکن ان کے اپنے کیریئر کے لیے بھی نقصان دہ ہے۔

بہترین ٹیم سلیکٹ کرنے کی کوشش کی ہے، انضمام الحق

انضمام الحق نے ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ سب نے مل کر ایک بہترین ٹیم سلیکٹ کرنے کی کوشش کی ہے، تاہم امید اور دعا ہے کہ ہماری ٹیم بہتر پرفارم کرے گی، ہمارے کھلاڑی گرم ملک میں بہت لمبی کرکٹ کھیل گئے ہیں، بولرز کی طرح بیٹرز کے انجریز کے معاملات بھی ہوئے ہیں۔

 انہوں نے کہاکہ ٹیم میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں کی گئی ہے تاہم کوچ اور کپتان کا مورال بلند ہے۔ سلیکشن میرے پاس ہے کسی لے لیے کوئی دروازہ بند نہیں کر سکتا۔ عماد وسیم، سرفراز احمد، شان مسعود سب کے لیے سلیکشن کھلی ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ کھلاڑی کہیں بھی کارکردگی دکھائیں گے تو ان کے لیے ٹیم میں جگہ بن سکتی ہے، کون سا کھلاڑی کون سی لیگ جا کر کھیل رہا ہے، اس کو بھی مانیٹر کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ سلیکشن میں کوئی کمیٹی نہیں ہوتی، کپتان اور کوچ بیٹھتے ہیں، اور معاملات طے کرتے ہیں۔

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp