غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کو ان کے سفارتخانوں کے تعاون سے واپس بھجوایا جائے گا، اسلام آباد پولیس

جمعہ 22 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد پولیس نے وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کے احکامات پر پاکستانی قوانین کے مطابق غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کی ملک بدری پر عمل درآمد کا منصوبہ وزارت داخلہ کو بھجوا دیا ہے۔ غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو ان کے سفارتخانوں کے تعاون سے واپس بھجوایا جائے گا۔

ترجمان اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے مطابق پہلی مرتبہ اس ضمن میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں اور دیگر متعلقین کے کردار کو واضح کیا گیا۔ تفصیلی ضابطہ کار اسلام آباد کی حدود سے امیگریشن کے مراکز تک کے تمام عمل کو واضح کرتا ہے۔

ترجمان کے مطابق ضابطہ کار کے پہلے حصے میں پولیس کے کردار کے مطابق عمل جاری ہے۔ جس کے تحت 21 مختلف آپریشنز کے بعد 39 مقدمات درج ییں۔ 298 غیرقانونی مقیم غیر ملکی افراد عدالتوں میں مقدمات کا سامنا کررہے ہیں۔

گزشتہ روز بھی 17 افغان نژاد افراد کو مقدمات کے تحت عدالت کے سامنے پیش کیا گیا۔ پاکستان میں رہنے کے لیے پاکستان کے قوانین پر عمل کرنا لازم ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ غیرقانونی مقیم غیر ملکیوں کو ملازمت، پناہ اور غیر قانونی مدد فراہم کرنا قابل دست اندازی پولیس جرم ہے۔ اگر آپ کے گردونواح میں کوئی غیرقانونی غیرملکی رہائش پذیر ہے تو پولیس کو پکار 15 پر اطلاع دیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp