لاہور ہائیکورٹ نے سابق سیکرٹری کوارڈینیشن پنجاب اسمبلی رائے ممتاز حسین کی 10 لاکھ روپے مچلکوں کے عوض درخواست ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرلی، دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف متفرق درخواست پر سماعت کرتے ہوئے فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہرام سرور چوہدری نے رائے ممتاز کی درخواست پر سماعت کی، رائے ممتاز حسین نے ضمانت بعد از گرفتاری اپنے وکیل کی وساطت سے دائر کررکھی تھی۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ اینٹی کرپشن نے قانون کے برعکس مقدمہ درج کیا ہے، مزید تفتیش کی ضرورت نہیں ہے۔ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل پہلے سے ہی جیل میں ہوں، عدالت ضمانت منظور کرے۔
عدالت نے 10 لاکھ روپے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی، اور ملزم کی ضمانت بعد از گرفتاری بھی منظور کرلی گئی۔
واضح رہے اینٹی کرپشن نے رائے ممتاز حسین سمیت دیگر کے خلاف مقدمہ درج کررکھا ہے۔
مزید پڑھیں
دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف متفرق درخواست پر سماعت کی، عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سلطان تنویر نے جوڈیشل ایکٹوزم پینل کی متفرق درخواست پر سماعت کی، درخواست میں حالیہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو چیلنج کیا گیا۔
عدالت میں موقف اختیار کیا گیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں سے ملک میں مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کرنے کے کوئی ایس او پیز نہیں ہیں۔
موقف اختیار کیا گیا کہ عدالت پیٹرولیم مصنوعات کی حالیہ قیمتوں کو کالعدم قرار دے، جس پر عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔