امریکی صدر جو بائیڈن نے یوکرینی صدر زیلنسکی کو طویل فاصلے تک مار کرنے والے لانگ رینج کلسٹر میزائل فراہم کرنے کی یقین دہانی کرا دی، طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کو ایٹاکمز (ATACMS) کہا جاتا ہے کن کو لاک ہیڈ مارٹن نے تیار کیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق امریکا یوکرین کو موسم خزاں میں روس کے خلاف جوابی حملے کو تقویت بخشنے کے لیے طویل فاصلے تک مار کرنے والے اٹاکمز میزائل بھیجے گا۔ جن کا یوکرین ایک سال سے مطالبہ کر رہا تھا۔
یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے گزشتہ روز اپنے دورہ امریکا کے اختتام پر کہا کہ یوکرین اور امریکا نے ہتھیاروں کی مشترکہ پیداوار شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔ امریکا کے اس اقدام سے یوکرین فضائی دفاع کی پیداوار اپنے ملک میں شروع کر سکے گا۔
یوکرینی صدر زیلنسکی نے اپنے خطاب میں کہا کہ طویل مدتی معاہدہ یوکرین میں ملازمتوں کے مواقع اور ایک نیا صنعتی اڈہ فراہم کرے گا جو تباہ شدہ یوکرینی معیشت کو ایک نئی تقویت بخشے گا۔
مزید پڑھیں
یوکرینی صدر کا کہنا تھا کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ یوکرین کو جلد طویل فاصلے تک مار کرنے والے کلسٹر میزائل فراہم کرے گا جس سے یوکرین کی دفاعی صلاحیت میں مزید اضافہ ہوگا۔
زیلنسکی نے کہا کہ یہ واشنگٹن کا بہت اہم دورہ تھا، اس کے نتائج بہت اہم ہیں۔ ہم اس وقت تک مل کر کام کریں گے جب تک یوکرین امریکا کے تعاون سے ضروری ہتھیار تیار نہیں کر لیتا۔ امریکا کے ساتھ دفاع میں مشترکہ پیداوار کا معاہدہ ایک تاریخی حیثیت رکھتا ہے۔
واضح رہے یوکرین مقامی ہتھیاروں کی پیداوار کو ہر ممکن حد تک بڑھانے کے لیے کوششیں تیز کر رہا ہے کیونکہ 19 ماہ سے جاری جنگ نے ایک ہزار کلومیٹر کی فرنٹ لائن پر روسی حملوں کو پسپا کرنے کے لیے ہتھیاروں اور گولہ بارود کی بہت زیادہ مانگ پیدا کر دی ہے۔