وزیر اطلاعات نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی نوید سنا دی

ہفتہ 23 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ نگران حکومت کے انتظامی اقدامات سے ڈالر کی قدر کم ہوئی ہے جس کا اثر پیٹرولیم مصنوعات کی خریداری پر بھی پڑتا ہے، امید ہے آئندہ دنوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہوگی، بجلی چوری کے خلاف اقدامات سے تقریباً 8 ارب روپے کی ریکوریاں ہوئی ہیں۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ نواز شریف حکومت کی اجازت سے ملک سے باہر گئے تھے، ان کی وطن واپسی پر سب کچھ آئین اور قانون کے مطابق ہو گا۔

وزیر اطلاعات نے کہاکہ آئین کے آرٹیکل 218(3) کے تحت آزادانہ، منصفانہ، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کرانے کی ذمہ داری الیکشن کمیشن کی ہے، امید ہے کہ عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان بھی جلد ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ نگران حکومت آئین کے آرٹیکل 224 کے تحت ایک آئینی و قانونی حکومت ہے، ہمارے دور میں صحافیوں کے ساتھ ناانصافی نہیں ہو سکتی۔ صحافیوں کے مسائل کے حل کے لیے پرنسپل انفارمیشن آفیسر کے ساتھ مل کر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ بجلی چوری کی وجہ سے دیگر صارفین پر بوجھ پڑتا ہے، اس نظام کو درست کرنے کی ضرورت ہے۔

نگراں وفاقی وزیر نے کہاکہ اگر کسی کو الیکشن کمیشن کے حوالے سے تحفظات ہیں تو اس کے لیے عدالتیں کھلی ہیں۔ ہمارا اختیار اور مدت محدود ہے، ہم ملکی معیشت کو مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔ اپنے حلف کی پاسداری کریں گے۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ انتخابات میں پاکستان کی تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو مساوی مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp