امریکا جانے کے منتظر پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری

ہفتہ 23 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکا نے پاکستانی شہریوں، تاجروں، طلبا اور سیاحوں کے لیے ویزا پراسس میں نرمی اور ویزا کے لیے دی گئی درخواستوں کو جلد نمٹانے کا اعلان کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ (سابق ٹوئٹر) پر پاکستان میں امریکی ایمبسی کے آفیشل اکاؤنٹ پر جاری ایک ویڈیو میں پاکستان میں امریکی ویزا آپریشنز کی سربراہ جین ہاؤل نے کہا ہے کہ ہم جانتے ہیں کہ پاکستان میں امریکی ویزوں کی مانگ میں سب سے زیادہ اضافہ ہواہے۔

انہوں نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ پاکستان میں امریکی ویزوں کی بڑھتی ہوئی مانگ کے پیش نظر ہم پہلے سے کہیں زیادہ ویزا درخواستوں پر کارروائی کر رہے ہیں۔

ویڈیو پیغام میں وہ مزید کہتی ہیں کہ ’ میں جین ہاول ہوں، جو پاکستان میں امریکی ویزا آپریشنز کی سربراہ ہوں اور ہمارے سننے میں آیا ہے کہ پاکستان میں امریکی ایمبسی اور قونصلیٹس میں ویزا اپائنٹمنٹ کے لیے پاکستانیوں کو بہت طویل انتظار کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ اب ہم نہیں چاہتے کہ کوئی بھی ویزا اپائنٹمنٹ کے لیے ایک سال سے زیادہ کا انتظار کرے۔ یہی وجہ ہے کہ آج ویزا اپائنٹمنٹ کے لیے انتظار کی مدت کو کم کرنے  کے لیے 3 اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے مجھے فخر محسوس ہو رہا ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ سب سے پہلے ہم کراچی میں اپنے قونصل خانے میں ہزاروں ویزا اپائنٹمنٹس کو جلد نمٹانے کے عمل کو تیز کر رہے ہیں، جس سے درخواست دہندگان کے انتظار کی مدت میں 3 سے 6 ماہ کی کمی واقع ہو رہی ہے۔

25 ستمبر سے  کراچی میں امریکی قونصلیٹ جنرل نئی درخواستیں وصول کرے گا، جین ہاؤل

دوسرا ہم پاکستان بھر میں ویزا درخواست دہندگان کو یاد دلانا چاہتے ہیں کہ آپ کو اسلام آباد یا کراچی میں ملاقات یا اپائٹمنٹ لینے کا انتخاب کرنے کی سہولت دی جا رہی ہے  اور آخر میں یہ کہ  25 ستمبر سے  کراچی میں امریکی قونصلیٹ جنرل ان درخواست دہندگان کے لیے انٹرویو کے لیے نئی درخواستیں قبول کرنا شروع کرے گا جنہیں پہلے امریکی ویزا جاری کیا جا چکا ہے۔

 

جین ہاؤل کا کہنا ہے کہ ان اقدامات سے زیادہ سے زیادہ پاکستانیوں کو اپنے رشتہ داروں سے ملنے، کاروباری تعلقات کو مضبوط بنانے، تعلیم حاصل کرنے اور نئے ثقافتی روابط قائم کرنے کے لیے امریکا کا سفر کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں کہا کہ اگر آپ کے پاس اگلے چند مہینوں میں کراچی میں ہمارے قونصل خانے میں ویزا اپائنٹمنٹ ہے تو براہ کرم ہماری ویب سائٹ ustraveldocs.com پر اپنا اکاؤنٹ لاگ اَن کر کے اپنا ای میل چیک کریں اور بیک اسلیش پی کے ، سے اپنی فوری اپائنٹمنٹ ٹائم کی تصدیق کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp