کوئٹہ: شہری پر تشدد کی ویڈیو وائرل ہونے پر 2 پولیس اہلکار معطل

اتوار 24 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کوئٹہ میں بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کے دوران شہری پر تشدد کرنے والے 2 پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے۔

اتوار کو بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے وسطی علاقے شہباز ٹاؤن فیز ٹو میں کیسکو حکام کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کے دوران ایک شہری کو حراست میں لیا گیا، اس دوران جب شہری کو پولیس وین میں زبردستی ڈالنے کی کوشش کی گئی تو اس نے مزاحمت کی، پولیس اہلکار نے غصے میں آ کر شہری پر تھپڑ برسانا شروع کر دیے۔

عبدالرحمان نامی شہری کے میٹر سے چھیڑ چھاڑ کی گئی تھی، ترجمان کیسکو

ترجمان کیسکو افضل بلوچ کے مطابق بجلی بل نادہندگان کے خلاف کارروائیاں کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں جاری ہیں۔ آج اسی کریک ڈاؤن کے دوران کیسکو ٹیم پولیس کے ہمراہ کوئٹہ کے علاقے شہباز ٹاؤن پہنچی، عبدالرحمان نامی شہری کے گھر کے بجلی میٹر کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی گئی تھی جس کی پاداش میں پولیس نے مذکورہ شخص کو حراست میں لیا اور جب وین میں بٹھانے لگے تو شہری اور پولیس اہلکاروں میں ہاتھا پائی شروع ہو گئی۔

واقعہ کی ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ مذکورہ شخص صرف زبردستی گاڑی میں بٹھائے جانے کے عمل پر مزاحمت کرتا ہے، جس پر 2 پولیس اہلکار پہلے اسے تھپڑ رسید کرتے ہیں، اس کے بعد شہری اور پولیس اہلکاروں کے درمیان مکوں اور گھونسوں کا تبادلہ شروع ہو جاتا ہے۔ ’ایک پولیس اہکار کی جانب سے شہری کو کلاشنکوف کا بٹ بھی مارا گیا اور شہری کے کپڑے پھاڑ دیے گئے‘۔

سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے پر حکام نے نوٹس لے لیا

سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے پر صوبائی حکومت اور محکمہ پولیس کے اعلیٰ حکام نے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔ آئی جی پولیس عبدالخالق شیخ نے تھانا صدر کے اے ایس آئی طارق اور کانسٹیبل علی مدد کو معطل کر دیا۔

پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی، ایس ایس پی آپریشن

واقعہ پر ایس ایس پی آپریشن زوہیب محسن نے جاری کردہ بیان میں بتایا کہ اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے پر کسی بھی اہلکار کو معاف نہیں کیا جائے گا، تمام اہلکاروں کو صرف اور صرف کیسکو اور صوبے کے دیگر اضلاع میں واپڈا کے عملے کی معاونت اور سیکیورٹی کے لیے مامور کیا گیا ہے، رواں ماہ تقریباً 9 اہلکاروں کو اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے پر محکمے سے برطرف کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ آج کے واقعے کے ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ آئی جی بلوچستان کے احکامات کی روشنی میں انہیں ملازمت سے معطل کیا گیا ہے۔ مذکورہ اہلکاروں کے خلاف ابتدائی کارروائی کے بعد سخت قانونی چارہ جوئی کرنے کے کی سفارش کی جائے گی۔

عوام اور پولیس میں دوریاں پیدا نہیں کرنے دیں گے، نگراں وزیر اطلاعات

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر نگراں صوبائی وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پولیس کا شہریوں کے ساتھ ایسا رویہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، حکومت نے وائرل ویڈیو پر آئی جی پولیس کو تحقیقات کرکے فوری کارروائی کی ہدایات دی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ شہر میں پولیس اہلکاروں کی جانب سے شہری پر تشدد سے پولیس اور عوام کے درمیان دوریاں بڑھنے کا خدشہ ہے اور حکومت کسی بھی صورت کسی ایک اہلکار کی غلطی کی وجہ سے ایسا ہونے نہیں دے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp