سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور فرید مانیکا کو اینٹی کرپشن نے گرفتار کر لیا۔
ترجمان اینٹی کرپشن کے مطابق بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور فرید مانیکا کو اینٹی کرپشن نے سرکاری زمین پر ناجائز تعمیرات کے الزام پر گرفتار کر لیا ہے۔
اینٹی کرپشن کے مطابق خاور فرید مانیکا کے خلاف ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ کی جانب سے ریفرنس موصول ہوا تھا کہ جس کی انکوائری کی جاری ہے، ڈی سی ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ خاور مانیکا نے قبرستان کی جگہ پر غیر قانونی شادی ہال اور دکانیں تعمیر کیں۔
ترجمان اینٹی کرپشن نے مزید بتایا ہے کہ شادی ہال بغیر مجاز حکام کی منظوری کے بغیر قبرستان کی 4 کنال اراضی پر بنایا گیا۔
خاور مانیکا پر مزید الزام ہے کہ وہ ایک عرصے سے حویلی لکھا کے پیر اسلام قبرستان کی زمین پر ناجائز قابض ہیں۔
اینٹی کرپشن حکام کے مطابق خاور فرید مانیکا ملک سے فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے کہ انہیں اینٹی کرپشن نے گرفتار کیا۔
واضح رہے کہ خاوید فرید مانیکا کے خلاف ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ نے اینٹی کرپشن میں رواں سال جون میں ایک فوجداری ریفرنس دائر کیا گیا تھا۔
ریفرنس میں کہا گیا تھا کہ خاور فرید مانیکا وغیرہ نے محکمہ اوقاف کی زمین پر ناجائز قبضہ کیا ہوا ہے اور اس پر شادی ہال اور دکانیں تعمیر کی ہوئی ہیں۔
ریفرنس کے مطابق خاور فرید مانیکا نے شادی ہال اور دکانوں کا حکومت کو ٹیکس دیا نہ محکمہ اوقات کو کوئی معاوضہ دیا جس کی مالیت لاکھوں میں ہے۔
اینٹی کرپشن نے اس ریفرنس پر خاور فرید مانیکا کو گرفتار کیا ہے، ان پر سرکاری خزانے 13 کروڑ 67 لاکھ روپے سے زائد نقصان پہنچانے کا الزام لگایا گیا ہے۔