پاکستان رینجرز کی سندھ میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائیاں، کئی ملزمان گرفتار کر لیے

پیر 25 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان رینجرز کا سندھ میں غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے، کارروائیوں کے دوران 150,000 سے زائد بوریاں برآمد کی گئیں، کئی غیر ملکی باشندے گرفتار کر لیے۔

گزشتہ چند دنوں سے سندھ میں غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف پاک رینجرز اور پولیس کی مسلسل کارروائیاں جاری ہیں، کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی سپلائی لائن کو محفوظ بنانے کے لیے پاکستان رینجرز سندھ نے آپریشن کر کے 31 غیر قانونی ہائیڈرنٹس سیل اور27 مسمار کیے جبکہ 67 واٹر ٹینکربھی تحویل میں لے لیے۔

خفیہ اطلاعات پر آپریشن کراچی کے علاقوں منگھوپیر، ناظم آباد، اورنگی، ایوب گوٹھ، جنجل گوٹھ، گلزارِہجری، قیوم آباد، چکرا گوٹھ کورنگی، بلدیہ ٹاؤن اور جمشید کوارٹرز میں قائم غیرقانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف کیا گیا، آپریشنز کے دوران واٹر بوزر،موٹرز، پائپس، کیبل سمیت واٹر پمپس سرکاری تحویل میں لیے گئے۔

اس سلسلے میں 31 ایف آئی آر بھی درج کی گئیں، آپریشن میں 132 افراد پانی چوری کے الزام میں گرفتار کیے گئے ہیں۔

غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی باشندوں کے خلاف آپریشن

صوبہ سندھ میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی باشندوں کے خلاف آپریشن کے دوران ستمبر 2021ء سے اب تک تقریباً 3435 غیر ملکی گرفتار کیا جا چکے ہیں، اس کے علاوہ مختلف جرائم میں ملوث 846 غیر ملکی باشندے بھی گرفتار کیے گئے۔

رینجرز کا ذخیرہ اندوزوں کے خلاف آپریشن

پاکستان رینجرز سندھ نے حکومت کی ہدایات پر ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھی کریک ڈاؤن شروع کر رکھا ہے، رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائیوں میں غیرقانونی طورپر ذخیرہ کیا گیا پیٹرول، چینی، گندم، کھاد سمیت دیگراشیائے خور و نوش برآمد کی گئیں،40 آپریشنز میں 105644 لیٹرپیٹرول برآمد جبکہ 93 افراد گرفتار کیے گئے۔

حب چوکی سمیت کئی علاقوں سے ہزاروں لیٹر ایرانی پیٹرول برآمد کیا گیا، ڈاکوؤں، منشیات فروشوں اور اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف 137مختلف آپریشنزکیے گئے، ان آپریشنز میں 368 افراد گرفتار، 83 ہتھیار اور 999 گولہ بارود برآمد کیا گیا

آپریشن کے دوران اندرون سندھ اور کراچی میں غیر قانونی طور پر ذخیرہ کی گئی چینی کی تقریباً 150,000 سے زائد بوریاں برآمد کی گئیں۔

بڑی وارداتوں میں ملوث رکشہ ڈکیٹ اور شمس ڈکیٹ گروپ سمیت 7 بڑے گروپوں کی خلاف آپریشنز کیے گئے، پاکستان رینجرز اور پولیس کے اشتراک سے گھوٹکی، سکھر، خیرپور، لاڑکانہ، جیکب آباد، شکارپور، کشمور اور دیگر علاقوں میں اسنیپ چیکنگ کے ذریعے مجرموں کی تلاش جاری ہے۔

کندھ کوٹ اور کشمور میں سندھ رینجرز اور پولیس کے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران منظور عرف گالا اوگاہی گینگ کے 14ڈاکو، ممدانی گینگ کے 2 ڈاکو جبکہ 2 آرمز ڈیلربھی گرفتار کیے گئے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp