مریم نواز لندن سے وطن واپس پہنچ گئیں، لاہور ایئرپورٹ پر استقبال

منگل 26 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز لندن سے وطن واپس پہنچ گئی ہیں، لاہور ایئرپورٹ پر کارکنوں کی جانب سے فقیدالمثال استقبال کیا گیا۔

مریم نواز اہم پارٹی میٹنگز میں شرکت کے لیے چند روز قبل لندن روانہ ہوئی تھیں۔

ن لیگی چیف آرگنائزر نے لندن کے 4 روزہ دورے کے دوران اپنے بھائی حسن نواز کے دفتر میں مختلف وفود سے ملاقاتیں کیں۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف بھی مریم نواز کے ساتھ ساتھ لندن روانہ ہوئے تھے مگر وہ ابھی تک واپس نہیں آئے۔

واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد و سابق وزیراعظم نواز شریف نے 21 اکتوبر کو وطن واپسی کا اعلان کر رکھا ہے اور اس حوالے سے استقبال کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔

مریم نواز ان دنوں پاکستان مسلم لیگ ن کی تنظیموں کو یہ ٹاسک دے رہی ہیں کہ کس طرح انہوں نے نواز شریف کے استقبال کے لیے لوگوں کو اکٹھا کرنا ہے۔

مریم نواز کا کارکنوں کو متحرک کرنے کے لیے جلسوں کا فیصلہ

مسلم لیگ ن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز اب نواز شریف کی وطن واپسی تک انتہائی متحرک کردار ادا کریں گی، چیف آرگنائزر ن لیگ یکم اکتوبر کو شادرہ ٹاؤن میں جلسہ عام سے خطاب کریں گی۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے استقبال کے لیے کارکنوں کو متحرک کرنے کے لیے جلسوں کا فیصلہ کیا گیا ہے، سب سے پہلا جلسہ شاہدرہ کے حلقہ این اے 123 میں ہو گا، مریم نواز صوبائی دارالحکومت لاہور میں ہونے والے 7 جلسوں سے خطاب کریں گی۔

مریم نواز جلسوں میں عوام کو نواز شریف کا پیغام پہنچائیں گی، لاہور میں 7 جلسوں کا سلسلہ یکم اکتوبر سے 8 اکتوبر کے درمیان جاری رہے گا۔

جلسوں میں مسلم لیگ ن کی سینیئر قیادت سمیت مقامی قیادت شرکت کرے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp