ڈائریکٹر جنرل نیب سندھ نے 28 ریفرنسز احتساب عدالت کراچی کو بھیج دیے ہیں، جن میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کیخلاف دائر ریفرنس بھی شامل ہے۔
نیب کورٹ کراچی نے سابق وزیراعظم کا کیس سماعت کے لیے مقرر کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی، سابق ایم ڈی پاکستان اسٹیٹ آئل عمران الحق اور دیگر کو نوٹس جاری کردیے ہیں۔
عدالتی نوٹس کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں جس اسٹیج پر ریفرنس کی سماعت روکی گئی تھی 24 اکتوبر کو وہیں سے مذکورہ ریفرنس کی دوبارہ سماعت کا آغاز ہو گا۔
شاہد خاقان عباسی کے خلاف پاکستان اسٹیٹ آئل میں غیرقانونی بھرتیوں سے متعلق ریفرنس احتساب عدالت کراچی میں زیر سماعت تھا، نیب کے مطابق شاہد خاقان عباسی نے وفاقی حکومت کے مقررہ کردہ طریقہ کار اور قوانین کے خلاف وزری کرتے ہوئے شیخ عمران الحق کو پی ایس او کا مینجنگ ڈائریکٹر مقرر کیا تھا۔
نیب کراچی کے مطابق عمران الحق کو منیجنگ ڈائریکٹر تعینات کرتے وقت ان کی تعلیمی اور پیشہ وارانہ قابلیت کی جانچ نہیں کی گئی۔