پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے بھارت پہنچ گئی ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم براستہ دبئی بھارت پہنچی ہے، پاکستانی ٹیم کا طیارہ حیدرآباد دکن کے راجیوگاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اترا۔
Great to see Babar and Shaheen landing in India 🚀
Pakistan cricket team will be taken to hotel in India’s Hyderabad under heavy security. pic.twitter.com/QlqH3cqgmn
— Wajahat Kazmi (@KazmiWajahat) September 27, 2023
بھارتی میڈیا کے مطابق قومی ٹیم کے بھارت پہنچنے کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ قومی ٹیم کو سخت سیکیورٹی میں ایئرپورٹ سے ہوٹل لے جایا جائے گا۔
مزید پڑھیں
قومی کرکٹ ٹیم بھارت کے شہر حیدرآباد دکن میں آج آرام کرے گی۔ کل بروز جمعرات بابر الیون ٹریننگ سیشن میں حصہ لے گی اور پھر جمعہ 29 ستمبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے وارم اپ میچ میں میدان میں اترنا ہوگا۔
یاد رہے کہ کرکٹ کے عالمی مقابلے کا آغاز 5 اکتوبر سے بھارت میں ہونے جا رہا ہے، اس سے قبل ٹیمیں بھارت پہنچنا شروع ہو گئی ہیں۔
قومی کرکٹ ٹیم 6 اکتوبر کو نیدر لینڈ کے خلاف اپنا پہلا میچ کھیلے گی۔
ادھر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل کھلاڑیوں کو خوشخبری دیتے ہوئے سینٹرل کنٹریکٹ کا بھی اعلان کر دیا ہے۔
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے سینٹرل کنٹریکٹ کے اعلان پر پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کا شکریہ ادا کیا ہے۔
اس سے قبل گزشتہ روز ورلڈ کپ کے لیے روانگی سے قبل پریس کانفرنس کے دوران بابر اعظم نے کہاکہ تھا کہ سینٹرل کنٹریکٹ کے معاملے پر بورڈ کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔
قومی ٹیم کا کب کس سے میچ شیڈول ہے؟
قومی ٹیم کا پہلا وارم اپ میچ 29 ستمبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف شیڈول ہے، جبکہ 3 اکتوبر کو دوسرے وارم اپ میچ میں پاکستانی ٹیم کا مقابلہ آسٹریلیا سے ہو گا۔
قومی ٹیم کرکٹ کے عالمی مقابلے کا پہلا میچ 6 اکتوبر کو نیدر لینڈ کے خلاف کھیلے گی، اس کے بعد 10 اکتوبر کو سری لنکا کی ٹیم سے سامنا ہو گا۔
ورلڈ کپ کے دوران پاکستان اور بھارت کے درمیان ہائی وولٹیج ٹاکرا 14 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ہو گا۔ جبکہ 20 اکتوبر کو گرین شرٹس کا سامنا آسٹریلیا سے ہوگا۔
پاکستان اور افغانستان کی کرکٹ ٹیمیں 23 اکتوبر کو مد مقابل آئیں گی، شاہینوں کا جنوبی افریقا سے میچ 27 اکتوبر کو شیڈول ہے۔
بابر الیون کا 31 اکتوبر کو بنگال ٹائیگرز سے سامنا ہوگا، اس کے بعد 4 نومبر کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں بنگلور میں آمنے سامنے ہوں گی۔
اس کے بعد پاکستان ’راؤنڈ روبن‘ کا آخری میچ 11 نومبر کو دفاعی چیمپیئن انگلینڈ کے خلاف کھیلے گا۔