9 مئی واقعات میں عمران خان سمیت پارٹی رہنما قصور وار قرار، چالان عدالت میں جمع

جمعرات 28 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی جانب سے تحقیقات مکمل ہونے پر پروسیکیوٹرز نے جناح ہاؤس حملہ کیس سمیت 11مقدمات کے چالان لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں جمع کرادیے گئے ہیں۔

جمع کرائے گئے چالان کے مطابق سانحہ 9 مئی سے متعلق درج مختلف مقدمات میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور پارٹی رہنماؤں میاں محمود الرشید، عمر سرفراز چیمہ، ڈاکٹر یاسمین راشد، خدیجہ شاہ، صنم جاوید سمیت دیگر گرفتار ملزمان قصور وار قرار دیے گئے ہیں۔

پروسکیوشن نے چالان مکمل کر کے لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں جمع کرا دیے ہیں۔ چالان میں ،خدیجہ شاہ ، صنم جاوید سمیت دیگر گرفتار ملزمان بھی قصور وار قرار  دیے گئے ہیں۔

جناح ہاؤس حملہ کیس کا چالان 3 ہزار سے زائد صفحات پر مشتمل ہے، جس میں سابق وزیر اعظم عمران خان، ڈاکتر یاسمین راشد ، سابق گورنر پنجاب عمرسرفراز چیمہ سمیت پی ٹی آئی کی دیگر قائدین کو مورد الزام ٹھہرایا گیا ہے۔

اسی طرح عسکری ٹاور پر پارٹی، شادمان کو جلانے اور شیرپاؤ پل پر جلاؤ گھیراؤ کے ساتھ دیگر مقدمات کے چالان بھی عدالت میں پیش کردیے گئے ہیں۔

ایک چالان میں تحریک انصاف سے وابستہ گرفتار خواتین خدیجہ شاہ، صنم جاوید، طیبہ راجہ اور سابق ایم این اے عالیہ حمزہ کو بھی قصور وار قرار دیا گیا ہے۔

پروسیکیوشن نے عدالت کو بتایا کہ 9 مئی کے  پر تشدد واقعات سے جڑے دیگر مقدمات کے چالان بھی جلد انسداد فرد جرم عائد کرنے کے لیے دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کردیے جائیں گے۔

خدیجہ شاہ کی ضمانت کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع

دوسری جانب خدیجہ شاہ نے ضمانت بعد از گرفتاری کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔ خدیجہ شاہ نے اپنے وکیل سمیر کھوسہ ایڈووکیٹ کی وساطت سے درخواست ضمانت دائر کی ہے۔

ضمانت بعد از گرفتاری کی دائر درخواست میں خدیجہ شاہ نے موقف اپنایا ہے کہ دہشت گردی عدالت نے حقائق کے برعکس ضمانت کی درخواست مسترد کی ہے۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے خدیجہ شاہ کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست منظور کی جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp