اقوام متحدہ کے زیر اہتمام سعودی عرب کے شہر ریاض میں ہونے والی عالمی یوم سیاحت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دنیا بھر کے ماہرین اور رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ سیاحت کے فروغ کے لیے انسانوں پر سرمایہ کاری ایک پائیدار شعبے کی تشکیل کے لیے اہم ہے۔
ماہرین کے مطابق 2020 میں، وبائی امراض کی وجہ سے عالمی سطح پر 6 کروڑ 20 لاکھ سے زائد ملازمتیں ختم ہوئیں، جن میں سے اکثر سیاحت اور مہمان نوازی کی صنعت سے وابستہ ہیں۔
سعودی عرب میں عالمی سیاحت کے ماہرین اور رہنماؤں نے اجلاس کے دوران سیاحت کے شعبے کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے لوگوں میں سرمایہ کاری کی اہمیت کو اجاگر کیا، اور کہاکہ کورونا وائرس کے بعد سیاحت کا شعبہ دوبارہ ٹریک پر آرہا ہے، لیکن اس میں کیریئر کو فروغ دینے کے لیے نئی کوششیں کی جانی چاہئیں۔
دنیا بھر کے ماہرین اور رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ٹیلنٹ میں سرمایہ کاری ایک پائیدار شعبے کی تشکیل کے لیے بہت ضروری ہے۔
انڈونیشیا کی نائب وزیر سیاحت رزکی ہنڈیانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ انسانوں پر سرمایہ ترقی کا سب سے اہم پہلو ہے جو پائیدار سیاحت کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔
مزید پڑھیں
انہوں نے کہاکہ ہمیں واقعی اپنی کوششیں اپنے انسانی سرمائے، ان کی مہارت، ان کے علم کے ساتھ ساتھ ان کی صلاحیتوں اور کاروباری صلاحیتوں کی ترقی میں لگانے کی ضرورت ہے۔
مشرق وسطٰی، افریقہ اور جنوب مغربی ایشیا کے لیے انٹر کونٹینینٹل ہوٹلز گروپ (آئی ایچ جی) کے مینیجنگ ڈائریکٹر ہیتھم متر نے کہاکہ سعودی عرب میں تقریباً 40 ہوٹلوں میں 18 ہزار سے زیادہ کمروں کے ساتھ سب سے بڑا آپریشن سسٹم ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اب حکومت اور نجی شعبے دونوں کے لیے ایک اہم کام ہے کہ وہ ملازمین کو ملازمت کے تحفظ کے ساتھ ساتھ مالیاتی یقین دہانی کے حوالے سے اعتماد بحال کریں۔
سیشن میں موجود مندوبین نے سیاحت کے فروغ، مہمان نوازی کی مہارتوں میں اضافے کے لیے تعلیم کے شعبے کو بہتر کرنے کی ضرورت پر بحث کی۔
لوسرن یونیورسٹی آف اپلائیڈ سائنسز اینڈ آرٹس کی ڈین کرسٹین بوکلمین نے کہا کہ پرتگال میں ہونے والی ایک تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ سیاحت کی تعلیم حاصل کرنے والے تمام لوگوں میں سے 50 فیصد بعد میں اس شعبے میں کام نہیں کرتے، اس لیے ہمیں ملازمتوں میں کمی کا ایک بڑا مسئلہ درپیش ہے۔
انہوں نے کہاکہ تعلیم، پائیداری، اور خوشحالی یہ تینوں چیزیں بہت اہم ہیں۔ ہمیں ان تینوں موضوعات کے درمیان رابطہ پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔