ہیلو بھارت :انڈیا میں موجود پاکستانی کرکٹرز مداحوں سے کس بات کے خواہاں ہیں؟

جمعرات 28 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گزشتہ روز پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے براستہ دبئی بھارت پہنچی گئی ہے۔ ایئر پورٹ پہنچنے پر بھارتی مداحوں کی جانب سے شاندار استقبال پر جہاں پاکستانی صارفین سوشل میڈیا پر خوش دیکھائی دیے وہیں پاکستان کرکٹ ٹیم بھی سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر ان کا شکریہ ادا کرتی دیکھائی دی۔

اسی حوالے سے کل صبح سے پاکستان سمیت انڈیا کی ٹرینڈنگ لسٹ میں بھی پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا نام شامل ہے ، اس کے علاوہ انڈین صارفین کی جانب سے سوشل میڈیا پر ویلکم ٹو انڈیا کا ہیش ٹیگ بھی ٹرینڈنگ لسٹ میں ٹاپ پر ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ جب سیاست کو کھیلوں سے دور رکھا جاتا ہے ہر طرف صرف امن اور محبت ہی نظر آتی ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کا فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی انڈیا پہنچے تو مداحوں کی ایک بڑی تعداد ان کی منتظر تھی ، اسی حوالے سے انہوں نے فوٹو شئیرنگ ایپ انسٹاگرام پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا اب تک کا سب سے اچھا استقبال

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم بھی اس موقع پر کسی سے پیچھے نہ رہے اور انسٹاگرام پر اپنی ایک تصویر پوسٹ کی اور لکھا حیدر آباد میں ملنے والی محبت اور سپورٹ کا شکرگزار ہوں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹر اور وکٹ کیپر محمد رضوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا یہاں کی عوام کی جانب سے شاندار استقبال۔ سب کچھ انتہائی اچھا تھا۔ اگلے 1.5 مہینوں کے منتظر ہیں۔

 


قومی کرکٹ ٹیم کے وائس کپتان شاداب خان نے بھی ایکس پر تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہم سب ورلڈ کپ کے لیے تیار ہیں۔ ہم اس ٹورنامنٹ میں اپنا سو فیصد دیں گے۔ ہم اپنے مداحوں کے تعاون سے اپنے مقاصد حاصل کر سکتے ہیں۔ ہمیں خود پر بھی تب اعتماد ہو گا جب آپ ہم پر اعتماد کریں گے۔


آج صبح حیدر آباد کے راجیو گاندھی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن کے دوران لی گئی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے اوپننگ بیٹر فخر زمان نے لکھا ہیلو بھارت!


پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل مداحوں سے درخواست کی کہ ان کو سپورٹ کریں ۔ واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کل جمعہ 29 ستمبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے وارم اپ میچ میں میدان میں اترے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp